بانی چیئرمین پی ٹی آئی 190 ملین پاؤنڈ کے میگا کرپشن کیس میں ملوث ہیں،ضمانت ملنے کا مطلب بریت نہیں ،وزیر اطلاعات

جمعرات 21 اگست 2025 21:04

بانی چیئرمین پی ٹی آئی 190 ملین پاؤنڈ کے میگا کرپشن کیس میں ملوث ہیں،ضمانت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی 190 ملین پاؤنڈ کے میگا کرپشن کیس میں ملوث ہیں،ضمانت ملنے کا مطلب بریت نہیں ،پی ٹی آئی نے ثبوت دینے کی بجائے ریاست مدینہ کے بیانیے کا سہارا لیا، دامن صاف تھا تو پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ نے القادر یونیورسٹی ٹرسٹ کیوں بنایا ۔

تحریک انصاف کی پریس کانفرنس کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہاکہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی 190 ملین پاؤنڈ کے میگا کرپشن کیس میں ملوث ہیں، 190 ملین پاؤنڈ تاریخ کا میگا کرپشن کیس ہے۔ عطاء تارڑ نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کو شواہد کی بنیاد پر شفاف ٹرائفل کے ذریعے 14 سال قید کی سزا سنائی گئی، بانی پی ٹی آئی عدالت کو نہ بتا سکے کہ اربوں روپے ملک ریاض کو کس مد میں دیئے گئے۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات نے کہاکہ پی ٹی آئی نے ثبوت دینے کی بجائے ریاست مدینہ کے بیانیے کا سہارا لیا، ان لوگوں نے حساب دینے کی بجائے اسلامی ٹچ اور مذہب کارڈ استعمال کیا۔ انہوںنے کہاکہ جو اربوں روپے حکومت پاکستان کو ملنے تھے وہ جرمانے کی مد میں جمع کرائے گئے، دامن صاف تھا تو پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ نے القادر یونیورسٹی ٹرسٹ کیوں بنایا ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ثابت ہو چکا کہ بند لفافے کی کابینہ سے منظوری لی گئی، جن وزراء نے اس وقت لفافے سے متعلق سوال اٹھایا انہیں نظر انداز کیا گیا۔

انہوںنے کہاکہ بند لفافے کی منظوری کے ذریعے 190 ملین پاؤنڈ کا گھپلا کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ یہ لوگ عدالت میں اپنے دفاع میں کچھ ثابت نہ کر سکے، ضمانت ملنے کا مطلب بریت نہیں ،پی ٹی آئی کے کئی رہنمائوں کو ضمانت پر ہونے کے باوجود سزا ہوئی ہے۔