اسپیکرقومی اسمبلی کی غزہ میں اسرائیلی سفاک جارحیت کی شدید مذمت

جمعہ 22 اگست 2025 21:18

اسپیکرقومی اسمبلی کی غزہ میں اسرائیلی سفاک جارحیت کی شدید مذمت
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اگست2025ء)اسپیکر سردار ایاز صادق کی غزہ میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے سفاک جارحیت کی شدید مذمت، اسرائیلی حملوں میں آئے روز بے گناہ فلسطینیوں کی شہادت پر گہری تشویش کا اظہار،قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی حملے انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں فلسطین میں ہزاروں فلسطینی بچے اپنے والدین سے جدا ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی خاموشی اسرائیل کو مظالم ڈھانے کی کھلی چھوٹ دے رہی ہے۔اسپیکر سردار ایاز صادق کا اقوام متحدہ سے فلسطین میں جنگ بندی کیلئے عملی اقدامات کا مطالبہ کیا اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور دیرپا حل پر زور دیا ۔

(جاری ہے)

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے القدس شریف کو دارالحکومت بنا کر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر پاکستان کا مؤقف واضح ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ اور عوام ہر فورم پر فلسطین کے مسئلے کو اجاگر کرتے رہیں گے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی پارلیمان اور عوام شانہ بشانہ کھڑا ہیں اسپیکر قومی اسمبلی کا اسرائیلی جارحیت سے شہید ہونے والوں کے لواحقین کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا۔