قوم بھارت کے خلاف جنگ میں سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہی، معرکہ حق میں کامیابی سے دنیا کے نقشے پر ایک نیا پاکستان ابھرا، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ

جمعہ 22 اگست 2025 23:23

قوم بھارت کے خلاف جنگ میں سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہی، معرکہ حق ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ قوم بھارت کے خلاف جنگ میں سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہی، معرکہ حق میں کامیابی سے دنیا کے نقشے پر ایک نیا پاکستان ابھرا ہے، وزیراعظم نے کاکول میں خطاب کے دوران پہلگام واقعہ کی تحقیقات کی بات کی تو پوری دنیا ہمارے ساتھ کھڑی ہو گئی، وزیراعظم نے نیشنل سکیورٹی کونسل کی میٹنگ بلائی جس میں اہم فیصلے کئے گئے، پانی کے معاملے پر سٹینڈ لیا گیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کامیاب حکمت عملی بنائی اور اس پر عمل درآمد ہوا، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ان کے شاہینوں نے اس جنگ میں تاریخی کردار ادا کیا جبکہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاک بحریہ کے جوانوں کی ملک کے دفاع کے لئے پوری تیاری تھی، بھارت کے ”رائزنگ انڈیا“ کے جعلی بیانیہ کی قلعی کھل گئی، انڈیا کا غرور اور گھمنڈ خاک میں مل گیا، جنگ کے دوران پاکستانی میڈیا نے ریاست کے بیانیہ کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جبکہ وزارت اطلاعات میں قائم جدید ڈیجیٹل وار روم بیانیہ کی جنگ میں فیصلہ کن ثابت ہوا۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بھارت کے خلاف کامیابی سے جنگ لڑی گئی، کچھ لوگ پاکستان کو رائٹ آف کر رہے تھے لیکن اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی عزت اور وقار بڑھایا، دنیا بھر میں سبز ہلالی پاسپورٹ کی توقیر میں اضافہ ہوا اور پوری دنیا نے دیکھا کہ پوری پاکستانی قوم نے متحد ہو کر یہ معرکہ سر کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے جنگ کے دوران فلور آف دی ہائوس پر اپنی تقریر کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ آج وہ وقت آیا ہے کہ ہم آپس میں متحد ہو کر بطور قوم یہ جنگ لڑیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے ہم نے اپنی زندگیوں میں پاکستان کو اس فتح سے ہمکنار ہوتے ہوئے دیکھا، اس فتح میں حصہ ڈالنے اور بھرپور کردار ادا کرنے کی توفیق ہمیں حاصل ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اس معرکے میں سب سے پہلے بیانیہ کی جنگ شروع ہوئی، دشمن کے پاس وسائل اور عالمی اثر و رسوخ زیادہ تھا لیکن ہمارے پاس سچ کی طاقت تھی اور سچ کی اسی طاقت نے مکار دشمن کو چاروں شانے چت کرنے میں ہماری مدد کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جب وزیراعظم نے کاکول میں پہلگام واقعہ کی تحقیقات کی بات کی تو پوری دنیا پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو گئی اور بھارت کا جھوٹ بے نقاب ہوا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات نے جنگ کے دوران ڈیجیٹل وار روم قائم کیا جس نے بیانیہ کی جنگ میں موثر کردار ادا کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میڈیا نے حکومت کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر یہ جنگ لڑی، وزارت اطلاعات اکیلے یہ معرکہ سر نہیں کر سکتی تھی۔ انہوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مکمل ہم آہنگی قائم رہی، لمحہ بہ لمحہ رابطہ رہا، انٹرنیشنل میڈیا پر حکمت عملی کے ذریعے مشترکہ موقف پیش کیا گیا، یہ ایک اور ایک گیارہ کی مثال تھی کہ سب نے اپنے اپنے محاذ پر کامیابی سے یہ جنگ لڑی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کا وقار بڑھا، دنیا کے لوگ اب کہتے ہیں کہ یہ وہ قوم ہے جس نے انڈیا کو شکست دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ”رائزنگ انڈیا“ کے جعلی بیانیہ کی قلعی کھل گئی ہے، انڈیا کا غرور اور گھمنڈ خاک میں مل چکا ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل سکیورٹی کونسل کی میٹنگ بلائی اور خود اسے چیئر کیا، اہم فیصلے کئے اور پانی کے معاملے پر سٹینڈ لیا، افواج پاکستان نے نیشنل سکیورٹی کونسل کے فیصلوں پر بھرپور عمل درآمد کیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کامیاب حکمت عملی بنائی، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ان کے شاہینوں نے اس جنگ میں تاریخی کردار ادا کیا، ایڈمرل نوید اشرف اور پاک نیوی کے جوانوں کی پوری تیاری تھی کہ اگر ضرورت پڑی تو ”آپریشن دوارکا“ کی تاریخ دہرائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جب دشمن کراچی کا پورٹ تباہ نہیں کر سکا تو اس کے میڈیا نے لاہور یا ملتان کی پورٹس کو نشانہ بنانے کا جھوٹا واویلا کیا، جتنا سچ یہاں سے جا رہا تھا اتنا ہی جھوٹ وہاں سے آ رہا تھا اور بھارت کا میڈیا بری طرح بے نقاب ہو چکا تھا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے خارجہ پالیسی کا ترجمان اور سفارتی کاوشوں کا حصہ بن کر ملک کے دفاع کے لئے موثر کردار ادا کیا اور بھارتی میڈیا کا جھوٹ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔

عطاء اللہ تارڑ نے بیانیہ کی جنگ میں سی پی این ای کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی پی این ای کے اس تاریخی کردار کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ سی پی این ای وار ٹائم باڈی ہے اور اسے اس سطح پر سراہنا چاہئے حتیٰ کہ اعزازات سے بھی نوازا جانا چاہئے کیونکہ بیانیہ کی جنگ میں اس کونسل کا کردار غیر معمولی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ملک ان شاء اللہ تاقیامت قائم رہے گا، بھارت نے رات کے اندھیرے میں حملہ کیا اور ہم نے فجر کی نماز پڑھ کر فتح میزائل فائر کئے، پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بنی رہی، اللہ تعالیٰ نے جنگ سے پہلے، جنگ کے دوران اور جنگ کے بعد عزت اور وقار سے نوازا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت قومی ایشوز پر میڈیا سے بھرپور تعاون جاری رکھے گی، ہمارے دروازے سی پی این ای کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان کے یو ٹیوب چینلز کی بندش کے بعد بھارتی پلیٹ فارم پر پاکستانی اشتہارات چلانے کی حکمت عملی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ ایک کامیاب حکمت عملی تھی جس نے بھارت میں خود اس کی حکومت پر دبائو ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران ہر محاذ پر فتح اجتماعی کوشش تھی، ایوارڈز دراصل پوری ٹیم کا اعزاز ہیں، وزارت اطلاعات، میڈیا ادارے اور ریاستی ادارے سب اس کامیابی کے حقدار ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے شاکر شجاع آبادی کا ایک شعر بھی پڑھا۔