مون سون بارشوں اورسیلاب کی تباہ کاریاں، برطانیہ کا پاکستان کیلئی50 کروڑ روپے امداد کا اعلان

جمعہ 22 اگست 2025 22:33

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)برطانیہ نے پاکستان کے مون سون سے ہونے والی تباہ کاریوں سے بحالی میں مدد کے لیے 50 کروڑ روپے کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق فنڈنگ سے پنجاب، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے 7 متاثرہ اضلاع میں 2 لاکھ 23 ہزار سے زائد افراد کو مدد فراہم کی جائے گی۔برطانیہ کی یہ معاونت ہنگامی امداد اور بحالی کی عمل کو بہتر بنا رہی ہے، جس میں خشک راشن کی فراہمی، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز، موبائل میڈیکل کیمپس، پینے کے پانی کے نظام کی بحالی، آبپاشی کے چینلز کی مرمت اور روزگار و زراعت کی معاونت شامل ہیں۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اس حوالے سے کہا کہ برطانیہ کے فنڈ شدہ پروگراموں کے ذریعے متاثرہ کمیونٹیز کو سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد فوری مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

قومی اور صوبائی حکام اور شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے، برطانیہ پاکستان کی ڈیزاسٹر ریسپانس اور بحالی کی عمل کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس امداد کے زریعے برطانیہ نے متاثرہ اضلاع میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز کے لیے 2 ہزار 400 کمیونٹی رضاکاروں کو تربیت فراہم کی، ساتھ ہی چارسدہ کے 25 رضاکار، ریسکیو 1122 کا بونیر میں جاری لاپتہ افراد کے لیے جاری سرچ آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

بتایا گیا کہ امداد کے تحت جن علاقوں میں صحت کے مراکز کو نقصان پہنچا ہے وہاں موبائل میڈیکل کیمپس قائم کیے جا رہے ہیں، بے گھر خاندانوں میں ضروری اشیا تقسیم کی جا رہی ہیں۔اس دوران اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی ہمدردی امور ( یو این او سی ایچ ای) کے ضلعی کوآرڈینیٹر سوات اور بونیر میں انسانی ہمدردی کی تنظیموں کے کام کو مربوط بنانے میں مدد فراہم کر رہے ہیں تاکہ امداد مؤثر طریقے سے متاثرہ افراد تک پہنچائی جا سکے۔