Live Updates

بارش کا نیا سپیل 22 سے 24 اگست تک جاری رہے گا، دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ میڈیا بریفنگ

جمعہ 22 اگست 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج اور صوبائی حکومت سمیت دیگر اداروں کے ساتھ مل کر امدادی کام جاری ہے، بارش کا نیا سپیل 22 سے 24 اگست تک جاری رہے گا، دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے، شہریوں کے محفوظ مقامات پر انخلاء کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اﷲ تارڑ کے ہمراہ میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ حالیہ مون سون کے دوران مربوط پیشگی نظام کو مضبوط بنایا گیا ہے، خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب کے دوران مینجمنٹ کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، پاک فوج، ایف سی اہلکاروں اور ڈاکٹرز نے امدادی کارروائیوں میں نمایاں طور پر حصہ لیا ہے جس سے کئی جانوں کو بچانے میں مدد ملی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کیمپوں میں موجود متاثرین کو امدادی سامان پہنچا دیا گیا ہے جس میں خیمے، کمبل اور کھانے پینے کی اشیاء شامل ہیں، ان متاثرین کو کچھ عرصہ کیلئے نگہداشت کی ضرورت ہو گی، صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ، پاک فوج اور مقامی قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں کے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، وزیراعظم کی ہدایت پر قومی ردعمل میں شامل شراکت داروں کے شکرگزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بارشوں کا یہ سپیل 22 اگست کو ختم ہونے کا الرٹ جاری کیا تھا اور ایسا ہی ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں 22 سے 24 اگست تک پنجاب، بالائی پنجاب، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریائے ستلج میں پانی کی سطح بلند ہوئی ہے اور اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے، پنجاب حکومت سے مل کر دریائی علاقہ میں موجود لوگوں کو نکالا ہے، دریائوں میں پانی کا اخراج ڈیڑھ لاکھ کیوسک ہے جو آئندہ دنوں میں 2 لاکھ کیوسک تک پہنچ سکتا ہے جس کے باعث قریبی علاقوں سے لوگوں کا انخلاء ضروری ہو گا، حکومت پاکستان، این ڈی ایم اے، پاکستان کی مسلح افواج، صوبائی حکومت اور اداروں بالخصوص ریسکیو 1122 سے مل کر لوگوں میں بروقت آگاہی پیدا کر رہے ہیں، این ڈی ایم اے ایپ الرٹ پر واضح ہدایات پر موجود ہیں، میڈیا بھی اس حوالہ سے مقامی لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ لوگوں کا بروقت انخلاء یقینی بنایا جا سکے۔

Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات