ٴْصدر مملکت نے نیشنل فنانس کمیشن کی تشکیل نو کر دی،وزیر خزانہ چیئرمین مقرر، نوٹیفکیشن جاری

۵نئے نیشنل فنانس کمیشن کے اراکین کی تقرری: وفاق اور صوبوں کے مالی وسائل کی تقسیم کی تجاویز تیار کی جائیں گی

جمعہ 22 اگست 2025 20:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اگست2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) کی تشکیل نو کر دی ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو 11ویں این ایف سی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ چاروں صوبوں کے وزراء خزانہ کمیشن کے اراکین کے طور پر شامل ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 11ویں نیشنل فنانس کمیشن کا قیام آئین پاکستان کے آرٹیکل 160 کے تحت عمل میں لایا گیا ہے جبکہ کمیشن وفاق اور صوبوں کے درمیان ٹیکسوں کی آمدنی کی تقسیم اور دیگر مالی معاملات پر سفارشات دے گا،این ایف سی کے ارکان میں وفاقی وزیر خزانہ چیئرمین، جبکہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان کے وزرائے خزانہ شامل، ماہرین میں ڈاکٹر اسد سیّد، ناصر محمود کھوسہ، ڈاکٹر مشرف رسول سیان اور فرمان اللہ بطور ارکان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ نئے کمیشن کو وفاق اور صوبوں کے درمیان ٹیکس محصولات کی تقسیم کی ذمہ داری دی گئی ہے، کمیشن گرانٹس، قرضوں کے اختیارات اور بین الصوبائی منصوبوں کے اخراجات پر سفارشات مرتب کرے گا، 21 جولائی 2020 کے پرانے نوٹیفکیشن کے تحت قائم کردہ 10 واں این ایف سی تحلیل کردیاگیا جبکہ فنانس ڈویژن نئے کمیشن کو سیکرٹیریٹ کی سہولیات فراہم کرے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یہ کمیشن وفاق اور صوبوں کے درمیان مالیاتی وسائل کی تقسیم کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کرے گا اور صوبوں و وفاق کے درمیان اخراجات کا جائزہ لے گا۔این ایف سی کے نئے چیئرمین کی قیادت میں کمیشن قومی نوعیت کے بڑے منصوبوں سے متعلق تجاویز بھی پیش کرے گا، تاکہ مالیاتی وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا سکی