Live Updates

سیلابی صورتحال میں حکومت او رپاک آرمی کی کاوشیں قابل تحسین ہیں،فرح ناز اکبر

ہفتہ 23 اگست 2025 22:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2025ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) شعبہ خواتین اسلام آباد کے صدر ورکن قومی اسمبلی ووفاقی پارلیمانی سیکرٹری تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ وقومی ورثہ فرح ناز اکبرنے کہاہے کہ قدرتی آفات کو روکناانسان کے بس میں نہیں ہوتا تاہم بروقت اورمربوط امدادی اقدامات متاثرہ عوام کے دکھوں کو کم کرنے میں اہم کردارادا کرتے ہیں،مشکل کی اس گھڑی میںوفاقی اور پنجاب حکومت ،پاک آرمی اور دیگر اداروں کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، جنہوں نے دن رات ایک کرکے متاثرین تک امداد پہنچائی اورعوامی فلاح وبہبود اور ریلیف کی سرگرمیوںکو اپنی اولین ترجیح بنا کر کام کررہی ہے ،حالیہ شدید بارشوں سے ہونے والی تباہی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر پوری قوم سوگوار ہے،حکومت متاثرین کی بحالی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کارلا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والے جانی نقصان انتہائی تکلیف دہ ہے جہاں بہت سے دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں وہیں پہ بہت سے خاندان اپنے پیاروں کو کھو چکے ہیں ان کے زخموں پہ تو وقت ہی مرہم رکھ سکتاہے لیکن دکھ اور تکلیف کی اس گھڑی میں اُن کو تنہا نہیں چھوڑاجاسکتا تمام پاکستانی اپنے بہن بھائیوں کی ہر ممکن امداد کرکے انہیں ایک بارپھر اپنے پائوں پر کھڑا کرکے دم لیں گے جبکہ سیلاب متاثرین کی مشکلات کے حل کیلئے حکومتی ادارے اور سماجی تنظیمیں جس جذبے سے کام کررہی ہیں وہ لائق صدستائش ہے ،عوام صبرو حوصلے کا مظاہرہ کریں اور حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں تاکہ امدادی کارروائیوں کو مزید موثر بنایاجاسکے۔

مسلم لیگی رہنما فرح ناز اکبر نے مزید کہاکہ سیلاب ،شدید بارشیں ،زلزلے ،لینڈ سلائیڈنگ بادل پھٹنے کے واقعات اللہ تعالیٰ کی طرف سے آزمائش اور امتحان ہے ،خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور ملک کے دیگر علاقوں میں سینکڑوں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں ،ہزاروں لوگ بے گھر اور لاکھوں متاثر ہوئے ہیں، ان لاکھوں لوگوں کی بحالی حکومتوں کیلئے ایک بڑاچیلنج ہے، افواج پاکستان کے جوانوں نے بھی سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو ریسکیو کرنے میں اہم کردار اداک یا ہے،قدرتی آفات سے متاثر ہونے والے ہزاروں لوگوں کو طبی امداد،خوراک اور رہائش کی سہولت فراہم کرنے کیلئے حکومت کے ساتھ ساتھ پاک افواج کے جوان دن رات مصروف ہیں اور فلاحی ومذہبی تنظیموں نے بھی اپنا بھرپورکرداراداکیاہے ،اس مشکل گھڑی میں پوری قوم اور تمام ملکی ادارے متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ ان کے دکھ میں پوری طرح شریک ہیں اور ان کی ہرممکن مدد کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پوری قوم کو اس وقت متحد ہو کر ان لاکھوں متاثرین کی بحالی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے،اس وقت ہمیں چاہئے تمام ترسیاسی و مذہبی اختلافات کو بالاطاق رکھ کر ایک قوم بن کر متحد ہو کر ان متاثرین کی دل کھول کر مدد کی جائے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات