محسن نقوی سے بیلاروس کے وزیر داخلہ ایوان کبرکوف کی ملاقات

انسداد دہشت گردی، بارڈر سکیورٹی اور پولیس ٹریننگ میں تعاون پر اتفاق

جمعرات 28 اگست 2025 13:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)پاکستان اور بیلا روس نے انسداد دہشت گردی، بارڈر سکیورٹی اور پولیس ٹریننگ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کرلیا۔بیلاروس کے وزیر داخلہ ایوان کبرکوف پاکستان کے دورہ کے دوران وزارت داخلہ پہنچے تو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان ون آن ون اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جن میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، بارڈر سکیورٹی اور پولیس ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک کے مابین ایکسٹراڈیشن معاہدے کو حتمی شکل دے کر عملدرآمد کیلئے پروٹوکول پر دستخط کیے گئے جبکہ وزارت داخلہ کے مابین ایک جوائنٹ ورکنگ گروپ بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ جوائنٹ ورکنگ گروپ کا قیام دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ملاقات میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ انسداد منشیات کے شعبے میں تعاون بڑھانے کیلئے جلد مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے اور پولیس ٹریننگ ایکسچینج پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور انہیں ہر شعبے میں آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیلاروس کی حکومت اور وزارت سمندر پار پاکستانیز کے درمیان حالیہ مفاہمت کی یادداشت خوش آئند ہے جس کے تحت ہزاروں پاکستانی روزگار کے مواقع کیلئے بیلاروس جائیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا"ہماری پوری کوشش ہوگی کہ مکمل جانچ پڑتال کے بعد بہترین افرادی قوت بیلاروس بھیجی جائی"۔بیلاروس کے وزیر داخلہ ایوان کبرکوف نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون کو ہر شعبے میں فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے پاکستانی قوم کو ایک محنتی قوم قرار دیا اور وزیر داخلہ محسن نقوی کو دورہ بیلاروس کی دعوت دی۔ ایوان کبرکوف نے کہا کہ آپ کے دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔اس موقع پر وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، سپیشل سیکرٹری و ایڈیشنل سیکرٹریز داخلہ، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ڈی جی سائبر کرائم، ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔