Live Updates

سیلاب متاثرین کی مدد و بحالی ہم سب کی ذمہ داری ہے، یعقوب شریف گل

پنجاب کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے منارٹیز پیپلز الائنس پاکستان کی پوری قوم سے فوری مدد کی اپیل

جمعرات 28 اگست 2025 23:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)بانی و چیئرمین منارٹیز پیپلز الائنس پاکستان یعقوب شریف گل نے کہا ہے کہ اس وقت پنجاب کے ہزاروں بہن بھائی شدید سیلابی آفت سے دوچار ہیں، ان کی زندگیوں اور گھروں پر کڑا وقت آ نازل ہوا ہے۔ یہ ہماری دینی، قومی اور انسانی ذمہ داری ہے کہ ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں اور ان کی بحالی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں۔

اس موقع پر سینئر وائس چیئرمین آصف نذیر، مرکزی جنرل سیکرٹری شہزاد بھٹی، مرکزی چیف آرگنائزر ریاست شاہد، ڈپٹی چیف آرگنائزر سلطان سائمن، وائس چیئرمین سیمسن جلال مٹو اور مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی سے بات چیت کرتے ہوئے پنجاب کی پارٹی قیادت کو ہنگامی بنیادوں پر سیلاب زدگان کی خدمت اور بحالی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی گئی۔

(جاری ہے)

چیئرمین یعقوب شریف گل نے کہا کہ پاکستان ہمارا گھر ہے اور ریاست ہماری ماں ہے۔ ماں کے دکھ کو دور کرنا اور اپنے گھر کی حفاظت کرنا ہماری سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔ آج اگر پنجاب کے باسی سیلاب میں گھرے ہیں تو وہ صرف پنجاب کے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے دکھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ہم اپنے لوگوں کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے۔ سیلاب متاثرین کی بھلائی اور بحالی کے لیے منارٹیز پیپلز الائنس پاکستان اپنی ہر ممکن توانائیاں صرف کرے گی اور تمام اداروں کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

پارٹی قیادت نے پنجاب حکومت اور پاک فوج کے کردار کو بھی زبردست الفاظ میں سراہا اور کہا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور ان کی جانیں بچانے کے لیے دن رات جدوجہد کر رہے ہیں، جس پر پوری قوم ان کی شکر گزار ہے۔آخر میں منارٹیز پیپلز الائنس پاکستان کی جانب سے پنجاب کی قیادت سے پُرزور اپیل کی گئی کہ وہ اپنے متاثرہ بھائیوں اور بہنوں کی ہر ممکن مدد کریں، ان کے لیے کھانے پینے کا سامان، علاج معالجہ اور رہائش کے انتظامات کریں تاکہ وہ دوبارہ اپنی زندگیوں کی طرف لوٹ سکیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات