Live Updates

سندھ میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام ضروری اقدامات اور انتظامات مکمل ہیں ، ناصر شاہ ، جام خان شورو

جمعرات 28 اگست 2025 23:25

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اگست2025ء) صوبائی وزرا نے کہا ہے کہ سندھ میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ جمعرات کو صوبائی وزیر آبپاشی سندھ جام خان شورو اور وزیراعلی سندھ فلڈ کمیٹی کے رکن و صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے سیکریٹری آبپاشی ظریف کھیڑو کے ہمراہ سکھر بیراج کا دورہ کیا اور موجودہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا. بعد ازاں سکھر بیراج پر صوبائی وزرا جام خان شورو اور سید ناصر حسین شاہ نے ملک میں موجودہ سیلابی صورتحال پر مشترکہ پریس کانفرنس کی ۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے اور اب اس کا رخ سندھ کی جانب ہے، تاہم سندھ حکومت مکمل طور پر صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور تمام ضروری اقدامات کیے جا چکے ہیں، بندوں پر محکمہ آبپاشی کے افسران ڈیوٹیاں دے رہے ہیں. وزیر آبپاشی جام خان شورو نے کہا کہ سکھر بیراج سے نو لاکھ ساٹھ ہزار کیوسک پانی گزارنے کی صلاحیت موجود ہے، بیراج کے ڈھانچےکو کوئی خطرہ نہیں جبکہ حفاظتی بند مضبوط ہیں۔

(جاری ہے)

جام خان شورو نے بتایا کہ چائنیزماہرین بیراج کے دروازوں کی تبدیلی کرچکے ہیں اور ضلع انتظامیہ نے ریلیف کیمپس قائم کرنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں، البتہ کچے کے علاقے کے لوگ نقل مکانی پر آمادہ نہیں کیونکہ وہ صدیوں سے وہاں آباد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پنجند پر نظر ہے کہ وہاں سے سندھ میں کتنا پانی داخل ہوگا۔وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اگر ایک رات میں سات آٹھ لاکھ کیوسک پانی آجائے تو کوئی بھی کچھ نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے نہ صرف سیلابی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس بلایا ہے بلکہ پنجاب حکومت کو مدد کی پیشکش بھی کی ہے۔ ان کے مطابق سکھر سمیت سندھ میں اس وقت خطرناک صورتحال نہیں، حالات بہتر اور قابو میں ہیں، تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کالا باغ ڈیم جیسےمتنازع منصوبوں کو بار بار زندہ کیا جاتا ہے اور سندھ پر تنقید کی جاتی ہے، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ دیامر اور بھاشا ڈیم زیر تعمیر ہیں، اور ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد ہی پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو اختلافات نہیں بلکہ یکجہتی اور اتحاد کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی، چیئرمین ضلع کاؤنسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ، محکمہ آبپاشی کے افسران اور چائنیز ماہرین بھی موجود تھے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات