Live Updates

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سپارکو کی خلائی معاونت، ریسکیو اور بحالی میں اہم کردار

جمعرات 28 اگست 2025 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اگست2025ء) حالیہ دنوں پنجاب میں چناب، راوی اور ستلج دریاؤں میں شدید بارشوں اور بھارت کی جانب سے ڈیموں سے پانی چھوڑے جانے کے بعد آنے والے تباہ کن سیلاب کے دوران، پاکستان خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی کمیشن (سپارکو) نے بروقت اور موثر خلائی معاونت فراہم کرکے ریسکیو اور بحالی کے اقدامات میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

سپارکو کے ادارہ "اسپیس ایپلیکیشن سینٹر فار ریسپانس ان ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹرز" نے متاثرہ علاقوں کی سیلاب سے پہلے اور بعد کی سیٹلائٹ تصاویر حاصل کیں، جن کی مدد سے متعلقہ حکام کو زمینی صورتحال کا واضح اندازہ ہوا۔ ان تصاویر میں ڈوبی ہوئی آبادیاں، تباہ شدہ سڑکیں اور متاثرہ مواصلاتی نظام نمایاں طور پر نظر آئے۔

(جاری ہے)

ان خلائی تصاویر کے ذریعے انتظامیہ نے فوری طور پر متاثرہ علاقوں کی نشاندہی کی، کمزور مقامات کا تعین کیا اور امدادی کارروائیوں کو مؤثر انداز میں ترتیب دیا۔

سپارکو نے "نیشنل کیٹاسٹرافی ماڈل" (NatCat Model) منصوبے کے تحت ممکنہ متاثرہ فصلوں، سڑکوں اور آبادیوں کے نقشے بھی تیار کیے، جو نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ کے تعاون سے تشکیل دیا گیا ہے۔ اس سے قبل بھی سپارکو نے خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر اور گلگت بلتستان کے بابوسر ٹاپ میں آنے والے سیلابوں کے دوران اہم خلائی معاونت فراہم کی تھی۔ سپارکو کا "ڈیزاسٹر واچ پورٹل" مستقل طور پر قدرتی آفات کی نگرانی کرتا ہے اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو بروقت، درست اور قابل بھروسہ معلومات فراہم کرتا ہے۔

سپارکو کی جانب سے جاری کردہ "نیشنل کیٹاسٹروفی ماڈل پروجیکٹ" پاکستان کے لیے قدرتی آفات جیسے سیلاب، خشک سالی، گرمی کی شدید لہر، سائیکلون، سونامی، زمینی کٹاؤ اور زلزلوں کے خطرات کا تخمینہ لگانے کے لیے ایک سائنسی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ یہ ماڈل نہ صرف آفات سے قبل تیاری اور خطرے میں کمی میں مدد فراہم کرتا ہے بلکہ قدرتی آفات کی مالی حکمت عملیوں کی تیاری میں بھی معاون ہے۔سپارکو کی یہ کوششیں پاکستان کے لیے خلائی معلومات کے ذریعے قدرتی آفات سے نمٹنے اور بحالی کے عمل کو مؤثر بنانے میں سنگ میل ثابت ہو رہی ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات