Live Updates

قائمہ کمیٹیوں کے استعفوں کی منظوری میں جلد بازی نہیں کریں گے، طارق فضل چوہدری

جمعہ 29 اگست 2025 22:07

قائمہ کمیٹیوں کے استعفوں کی منظوری میں جلد بازی نہیں کریں گے، طارق ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ قائمہ کمیٹیوں سے دیے گئے استعفوں کی منظوری میں جلد بازی نہیں کی جائے گی کیونکہ حکومت کی کوشش ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارلیمان اور قائمہ کمیٹیوں کا حصہ بنی رہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "ہم چاہتے ہیں پی ٹی آئی پارلیمان میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے، کیونکہ راستہ ہمیشہ بات چیت سے ہی نکلتا ہے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وہ بالواسطہ طور پر پی ٹی آئی رہنماؤں سے رابطے میں ہیں اور ان سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ پارلیمانی نظام کا حصہ رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پی ٹی آئی کی سیاست کا انداز بگاڑ پیدا کرنے پر مبنی ہے اور ابھی تک وہ اسی روش پر قائم ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر کی نشست پر جا کر مذاکرات کی پیشکش کی تھی، کیونکہ جنگوں میں بھی بات چیت ہوتی ہے اور حکومت کی تو پی ٹی آئی سے کوئی جنگ نہیں ہے۔

"تحریک انصاف سیاست کو سیاسی انداز میں کرے، یہ ملک کے لیے بہتر ہوگا،" انہوں نے کہا۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کبھی استعفے دیتی ہے، کبھی پارلیمان میں شور شرابہ کرتی ہے، عدم اعتماد کے بعد اپنی حکومتیں خود ختم کیں اور پھر جلاؤ گھیراؤ اور تصادم کی سیاست کو فروغ دیا۔ ان کے بقول بانی پی ٹی آئی کی سوچ "سیاسی فرعونیت" پر مبنی ہے جس نے پارلیمانی سیاست کو نقصان پہنچایا۔ ؒانہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو شدید قدرتی آفات اور سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، ایسے وقت میں سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ تناؤ کی کیفیت کم ہو اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات