Live Updates

پی ٹی آئی کا عمران خان اوربشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے حکومت و عدلیہ کے رویے پرشدید اظہارِتشویش

جمعہ 29 اگست 2025 21:07

پی ٹی آئی کا عمران خان اوربشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے حکومت و عدلیہ ..
ٰاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اگست2025ء) پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیراعظم اور پارٹی کے سربراہ عمران خان کی صحت کے معاملے پر حکومت اور عدلیہ کے رویے کو غیر سنجیدہ اور تشویشناک قرار دیا ہے۔پی ٹی آئی کے مرکزی شعبہ اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل میں آنکھوں کے دھندلا پن اور پریشر کی شکایت ہے، تاہم نومبر 2024 سے ان کا کوئی میڈیکل چیک اپ نہیں ہوا۔

بیان کے مطابق 27 اگست 2025 کو عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے عدالت میں ایک پٹیشن دائر کی تھی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ شوکت خانم اسپتال کی میڈیکل ٹیم یا عمران خان کے ذاتی معالج کو فوری طور پر معائنہ کرنے کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ اور پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 29 اگست کے لیے مقرر کی تھی، تاہم آج کی سماعت پھر ملتوی کر دی گئی جس سے عوامی خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف نے سوال اٹھایا کہ ایک سزا یافتہ مجرم نواز شریف کے لیے ایئرپورٹ پر نادرا ٹیم بھیجی جاتی ہے، ضمانتیں فوری منظور ہو جاتی ہیں اور مقدمات ختم کر دیے جاتے ہیں، جبکہ اسحاق ڈار کو بھی بغیر حاضری ضمانت دی گئی۔ اس کے برعکس پاکستان کے سب سے بڑے عوامی لیڈر عمران خان کی صحت کے معاملے پر غیر ذمہ دارانہ رویہ کیوں اپنایا جا رہا ہی پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کو فوری طور پر ذاتی معالج اور ماہر ڈاکٹروں تک رسائی دی جائے اور ان کا مکمل میڈیکل چیک اپ کرایا جائے تاکہ قوم اپنے مقبول رہنما کی صحت سے متعلق حقائق جان سکے۔

پارٹی نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پینے، وضو اور غسل کے لیے گندا پانی فراہم کیا جا رہا ہے اور عدالت میں پیش کرنے کے لیے ان کے پاس موجود پانی کا نمونہ راستے میں چھین لیا گیا۔ پی ٹی آئی نے اس رویے کو بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات