مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران روئی کے بھاؤ میں ملا جلا رجحان رہا

اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں فی من 200 روپے کی کمی کرکے اسپاٹ ریٹ فی من 16000 روپے پر بند کیا

ہفتہ 30 اگست 2025 19:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء)مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران روئی کے بھاؤ میں ملا جلا رجحان رہا۔ روئی کی دلچسپ صورتحال ہے۔ صوبہ سندھ میں بارشی پھٹی ہونے کی وجہ سے روئی کے بھاؤ میں فی من 300 تا 400 روپے کی کمی واقع ہوئی۔ فی من بھاؤ 15700 تا 16100 روپے چل رہا ہے۔ جبکہ صوبہ پنجاب میں روئی کی کوالٹی قدر بہتر ہونے کی وجہ سے پنجاب میں ملز نے پنجاب کی جننگ فیکٹریوں سے روئی کی خریداری بڑھا دی ہے جس کی وجہ سے صوبہ پنجاب میں روئی کے بھا ؤمیں 200 تا 300 روپے کا اضافہ دیکھا گیا وہاں روئی کا بھا ؤکوالٹی کے مطابق فی من 16300 تا 16600 روپے چل رہا ہے۔

کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کے اسپاٹ ریٹ میں فی من 200 روپے کی کمی واقع ہوئی۔ ایسا کہا جارہا ہے کہ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی صوبہ پنجاب کی روئی کے ریٹ کو نظر انداز کر رہی ہے کیونکہ اسپاٹ ریٹ کاٹن کے بھا کے ایوریج کے ذریعے سے طے کیا جاتا ہے ایسا لگتا ہے کہ کمیٹی صوبہ پنجاب کی روئی کے ریٹ کو خاطر میں نہیں لاتی ایسا پنجاب کے جنرز شکایت کرتے ہیں!رپورٹ کے مطابق دوسری جانب فصلوں کے درست اعداد و شمار حاصل کرنے کے لیے سیٹلائٹ ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس سے کپاس کی پیداوار کے درست اعداد و شمار حاصل ہو سکے گی یہ ٹیکنالوجی 2026 سے عمل میں لائی جانے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

کپاس خصوصی طور پر صوبہ پنجاب کی کپاس کی پیداوار کے اعداد و شمار کے متعلق PCGA اور پنجاب کراپ رپورٹنگ سروس کے درمیان تنازعہ چل رہا ہے۔صوبہ سندھ میں بارشی پھٹی کی وجہ سے روئی کی کوالٹی متاثر ہونے کی وجہ سے کوالٹی کے مطابق روئی کا بھاؤ فی من 15700 تا 16100 روپے تک چل رہا ہے۔ پھٹی کا بھاؤ فی 40 کلو 5600 تا 7200 روپے رہا۔صوبہ پنجاب میں روئی کا بھاؤ 16300 تا 16600 روپے جبکہ پھٹی کا بھاؤ 6000 تا 7200 روپے چل رہا ہے۔

کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں فی من 200 روپے کی کمی کرکے اسپاٹ ریٹ فی من 16000 روپے پر بند کیا۔کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ بین الاقوامی کاٹن مارکیٹ میں روئی کے بھا ؤمیں مجموعی طور پر مندی رہی۔ نیویارک کاٹن کے وعدے کا بھا ؤفی پانڈ 66.50 تا 69.00 امریکن سینٹ کے درمیان رہا۔ USDA کی ہفتہ وار برآمدی اور فروخت رپورٹ کے مطابق سال 2025-26 کیلئے 1 لاکھ 79 ہزار 300 گانٹھوں کی فروخت ہوئی۔

دریں اثنا کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کے چیئرمین خواجہ ایم زبیر نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اسلام آباد میں حالیہ تقریب کے دوران ملک کی کبھی خوشحال رہنے والی کاٹن انڈسٹری کے زوال پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔چیئرمین نے وزیر اعظم کی اس خواہش کو سراہا کہ قومی سطح پر فوری اقدامات کر کے کپاس کے اس شعبے کو دوبارہ زندہ کیا جائے، جس کی پیداوار گزشتہ برسوں میں 1 کروڑ 40 لاکھ بیلز سے گھٹ کر صرف 40 لاکھ بیلز رہ گئی ہے۔