Live Updates

تحریک انصاف کا اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو مقدمے کی ایک بار پھر سماعت منسوخ ہونے پرتشویش کا اظہار

پیر 1 ستمبر 2025 21:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 ستمبر2025ء)پاکستان تحریک انصاف نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو مقدمے کی ایک بار پھر سماعت منسوخ ہونے پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سماعتوں کو بار بار مؤخر کرنا دراصل اس خوف کا نتیجہ ہے کہ عمران خان کی آواز عوام تک نہ جا سکے۔اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو مقدمے کی ایک بار پھر سماعت منسوخ ہونے پہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے ردعمل میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت ایک بار پھر بغیر کسی وجہ کے ملتوی ہونے پہ تشویش کا اظہار کرتی ہے۔

یہ سماعت اڈیالہ جیل کے اندر ہوتی ہے جہاں چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی قید ہیں۔ ویسے بھی اس طرح کی سماعتیں فیئر اور اوپن ٹرائل کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق لیکن ان مقدمات کی سماعتیں محض قانونی کارروائی نہیں بلکہ ان مواقع پر عمران خان کے وکلاء اور اہلِ خانہ سے ملاقات بھی ممکن ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں ان کی خیریت اور پیغام قوم تک پہنچتا ہے۔

لیکن ان سماعتوں کو بار بار مؤخر کرنا دراصل اس خوف کا نتیجہ ہے کہ عمران خان کی آواز عوام تک نہ جا سکے۔بیان کے مطابق یہ طرزِ عمل عدلیہ کی غیر جانبداری کا ایک معمول سا بن گیا ہے جو نہایت افسوسناک ہے۔ عدالت انصاف کا گھر ہوتی ہے مگر بدقسمتی سے پاکستان میں عدالتیں بادی النظر میں کسی اور کے حکم کی پابند دکھائی دیتی ہیں۔ انصاف کے گھروں کو اگر اسی طرح دباؤ کے تحت چلایا جا رہا ہے۔

یہ نہ صرف انصاف کا قتل ہے بلکہ عدلیہ کی ساکھ کو بھی ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا رہا ہے۔پاکستان تحریک انصاف واضح کرنا چاہتی ہے کہ ہمیں عدالتوں سے کوئی خاص امید نہیں ہے، لیکن اس کے باوجود ہم قانونی جنگ بھی پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں کیونکہ ہمارا ایمان ہے کہ حق اور سچ کی فتح ہر صورت میں یقینی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات