وزیر اطلاعات آزاد جموں وکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ کی ملائشیا کے علماکے وفد سے ملاقات

پیر 1 ستمبر 2025 20:30

مظفر آباد/کوالالمپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کوالالمپور میں صدر مسلم کئیر مسلم سوسائٹی ملائیشیا محمد ذوالکفل، صدر فاتح فاؤنڈیشن ، صدر فقہ اکیڈمی پاکستان مفتی اویس پاشا قرنی اور محمد حسن راشدی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں تینوں رہنماؤں نے مقبوضہ جموں وکشمیر اور غزہ میں جاری مظالم رکوانے اور اتحادِ امت کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں امن قائم کرنے کے لیے مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نےاس بات پر زور دیا کہ پاکستان، ترکیہ ، ملائشیا، سعودی عرب اور دیگر اسلامی ممالک کے مابین قریبی روابط کو مزید فروغ دیا جائے تاکہ ایک مضبوط مسلم بلاک کی تشکیل ممکن ہو سکے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں علمائے کرام نے اس بات پر اتفاق کیا کہ لسانی، علاقائی اور مسلکی اختلافات سے بالاتر ہو کر وحدتِ امت کے لیے کوششیں تیز کی جائیں اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی آواز بنیں۔ علمائے کرام کا کہنا تھا کہ فلاحی، تعلیمی اور سیاسی شعور کی بیداری کے لیے باہم اشتراکِ عمل ناگزیر ہے۔ اس موقع پر طے پایا کہ کشمیر اور غزہ کے حق میں عالمی سطح پر ایک مہم شروع کی جائے جس میں ملائشیا، پاکستان، ترکیہ اور دیگر اسلامی ممالک کے علماء اور شخصیات شامل ہوں۔