Live Updates

دبئی ، قونصل جنرل حسین محمد کی متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں سے حالیہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی ہرممکن مدد کرنے کی اپیل

پیر 1 ستمبر 2025 21:10

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں سے حالیہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔ قونصل جنرل حسین محمد نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے زیر اہتمام ایک نیٹ ورکنگ ایونٹ میں شرکت کی اور متحدہ عرب امارات بالخصوص شمالی امارات میں پاکستانی کمیونٹی کی پاکستان اور میزبان ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خدمات کو سراہا۔

قونصل جنرل نے پی آئی اے کی اہم خدمات بالخصوص پاکستانی کمیونٹی کے جاں بحق افراد کو باوقار طریقے سے وطن واپس پہنچانے میں اس کی ہمدردانہ سہولت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کوششیں مشکل وقت میں سمندر پار پاکستانیوں کو انتہائی ضروری مدد فراہم کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے المناک جانی نقصان اور بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حسین محمد نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں سے متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی اپیل کی۔

اس تقریب میں پی آئی اے شارجہ اور شمالی امارات کے ایریا منیجر ذیشان احمد کے علاوہ ٹریول اور کارگو سیکٹر، کارپوریٹ تنظیموں، ایئر لائنز اور پاکستانی کمیونٹی کے نمایاں نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکا نے سماجی اور کاروباری تعامل کے لیے ایک پلیٹ فارم بنانے میں پی آئی اے کے اقدام کو سراہا۔اس موقع پر پی آئی اے شارجہ نے متحدہ عرب امارات میں کارپوریٹ سیکٹر کے لیے ڈیزائن کیے گئے اپنی مصنوعات، خدمات اور لائلٹی پروگرامز کی تفصیلات بھی پیش کیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات