Live Updates

دریائے چناب میں دوسرے بڑے سیلابی ریلے کی آمد پر انتہائی اونچے سیلاب کی وارننگ

چناب میں آج سے مرالہ اور ڈاون سٹریم کے مقام پر ایک تازہ غیر معمولی اونچی سیلابی لہر متوقع‘ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے بعد ملک میں مون سون بارشوں کا سسٹم کم فعال ہونے کا امکان ظاہر کردیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 3 ستمبر 2025 13:21

دریائے چناب میں دوسرے بڑے سیلابی ریلے کی آمد پر انتہائی اونچے سیلاب ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 ستمبر 2025ء ) محکمہ موسمیات نے دریائے چناب میں دوسرے بڑے سیلابی ریلے کی آمد پر انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کردی۔ بڑے دریاؤں میں سیلاب کی صورتحال پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دریائے چناب میں آج سے مرالہ اور ڈاون سٹریم کے مقام پر ایک تازہ غیر معمولی اونچی سیلابی لہر متوقع ہے، دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر غیر معمولی طور پر اونچے درجے کا سیلاب جاری رہے گا، پنجند میں دریائے چناب میں 4 سے 5 ستمبر تک انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آنے کا خدشہ ہے، گڈو کے مقام پر دریائے سندھ میں 6 سے 7 ستمبر تک اونچے سے انتہائی اونچے درجے تک پہنچنے کی توقع ہے جب کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے بعد مون سون بارشوں کا سسٹم کم فعال ہونے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف بھارت نے پاکستان سے سفارتی سطح پر ایک بار پھر رابطہ کرتے ہوئے پاکستان کو دریائے ستلج میں سیلابی صورت حال سے آگاہ کردیا، وزارت آبی وسائل کی جانب سے 28 اہم محکموں کو بھارت کی جانب سے دی گئی معلومات سے آگاہ کرتے ہوئے فوری اقدامات اور انتظامات کرنے کی ہدایت کردی گئی، اس ضمن میں وزارت آبی وسائل نے بتایا ہے کہ بھارت نے پاکستان سے سفارتی سطح پر ایک بار پھر رابطہ کیا اور بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان کو دریائے ستلج میں سیلاب کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا کہ دریائے ستلج میں فیروز پور اور ہریک کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، اسی طرح دریائے توی میں جموں کے مقام پر بھی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ صوبہ پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی تاحال برقرار ہے، خانیوال کی تحصیل کبیروالہ کے علاقے عبدالحکیم میں ہیڈ سدھنائی کے مقام پر دریائے راوی میں سیلابی پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اسی طرح دریائے چناب میں بھی پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ہیڈ سدھنائی میں پانی کے اخراج کی گنجائش ڈیڑھ لاکھ کیوسک لیکن موجودہ صورتحال میں ڈیڑھ لاکھ کیوسک سے زائد پانی اخراج کیا جا رہا ہے، جس کے باعث پیر محل میں ہیڈ سدھنائی کو بچانے کیلئے مائی صفوراں بند کو 2 مقامات سے تور دیا گیا ، اس کے علاوہ دریائے ستلج میں طغیانی سے لودھراں اور بہاولپور کے 3 بند بھی ٹوٹ گئے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات