محکمہ موسمیات کی کراچی سمیت سندھ میں 6 ستمبر سے موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی

جمعرات 4 ستمبر 2025 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء)محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کراچی سمیت سندھ میں 6 ستمبر سے موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر شہر قائد میں تابڑ توڑ برسات کی پیشگوئی کی ہے، آئندہ دنوں میں موسم کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی میں 6 سے 9 ستمبر تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کا کراچی میں شدید برسات کا انتباہ جاری کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ کراچی کے متعدد مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔اس کے علاوہ حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین اور سجاول میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ اور خیرپور میں بھی تیزبارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔دریں اثنا محکمہ موسمیات کی جانب سے سندھ میں 7 سے 10 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے شدید بارشوں کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے سندھ، مشرقی پنجاب، بلوچستان، کشمیر، کے پی کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے جس کے مطابق بھارت کے مدھیہ پردیش سے ہوا کا کم دبا 6 ستمبر کو سندھ میں داخل ہوگا۔