ہمیں اپنی بہادر افواج پر فخر ہے، چیئرمین میونسپل کمیٹی ڈیرہ مراد جمالی

جمعہ 5 ستمبر 2025 12:33

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) چیئرمین میونسپل کمیٹی ڈیرہ مراد جمالی میر صفدر خان عمرانی نے کہا ہے کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہماری بہادر افواج قوم کا فخر ہیں ۔ انہوں نے یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 ستمبر کا دن ہمیں 1965 کی اس جنگ کی یاد دلاتا ہے جب پاک فوج نے دشمن کی جارحیت کو جرات و بہادری سے ناکام بنایا اور پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر اپنے سپاہیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نہ صرف سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دے رہی ہیں ان کی شجاعت، حب الوطنی اور پیشہ ورانہ مہارت دنیا بھر میں قابلِ تقلید ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ یومِ دفاع صرف ایک دن نہیں بلکہ یہ ایک یاد دہانی ہے کہ وطن کی حفاظت ہرپاکستانی کی ذمہ داری ہے۔ہمیں اپنے شہدا کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے جنہوں نے مادرِ وطن کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان پاک فوج کے کردار اور قربانیوں کو سمجھے اور اسی جذبے سے ملک کی خدمت کریں۔ آج کا دن ہمیں اتحاد، قربانی اور حب الوطنی کا درس دیتا ہے۔ ہم سب کو اپنے ملک کی ترقی اور سلامتی کے لئے کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ یومِ دفاع کے موقع پر شہدا کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں اور ان کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔