پاکستان کی تاریخ قربانیوں سے رقم ہے ،قیام پاکستان سے آج تک ہماری بہادر افواج نے ملک و قوم کے تحفظ کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں، میر علی حسن زہری

جمعہ 5 ستمبر 2025 15:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما،ترجمان صدر آصف علی زرداری و صوبائی وزیر زراعت و کوآپریٹو میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ قربانیوں سے رقم ہے ،قیام پاکستان سے آج تک ہماری بہادر افواج نے ملک و قوم کے تحفظ کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں ۔یوم دفاع ِ پاکستان کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں 6 ستمبر کا دن انتہائی اہمیت رکھتا ہے ،یہ وہ دن ہے جب ہماری بہادر افواج نے اپنے سے کئی گنا طاقتور دشمن کا منہ توڑ جواب دے کر بھارتی افواج کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایااوربھارتی پیش قدمی کا بھرپور جواب دیتے ہوئے پاکستانی سرحدوں کی بخوبی حفاظت کی اور بزدل بھارتی دراندازوں کو اسلحہ و سازو سامان چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور کیا، 1965 ء کی جنگ ہماری بہادر افواج کے لئے ایک عظیم اور تاریخی جنگ ہے ،اس جنگ میں ساری قوم ایک سیسہ پلائی دیوار کی مانند بن گئی تھی جسے شکست دینا ناممکن تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اور پوری قوم نے مل کر ہر محاذ پر بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اوربزدل بھارتیوں کا غرور خاک میں ملاتے ہوئے اپنے وطن کی ایک انچ زمین بھی دشمن کو نہیں لینے دی جس کے لئے ساری قوم پاک افواج کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ میر علی حسن زہری مزید کہا کہ بھارت کی حالیہ جارحیت نے ایک بار پھر پاکستان کے غیر متزلزل جذبے کو دنیا کے سامنے آشکار کیا۔

’’معرکہ حق‘‘میں افواجِ پاکستان نے پوری قوم کے تعاون سے ازلی دشمن بھارت کو عبرتناک شکست دی۔ دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا گیا اور پاکستان کی فتح دفاعی تاریخ کا ایک اور سنہری باب بن گئی۔اس تاریخی فتح کو دنیا بھر میں حیرت اور قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا اور دنیا نے پاکستانی فوج کی جرات اور پیشہ ورانہ قابلیت کو ایک بار پھر سراہا اور بھارت کو دنیا بھر میں رسوا ہونا پڑا۔میرعلی حسن زہری نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی ہے کہ ہم اپنے عظیم شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور اپنے پیارے پاک وطن پاکستان کے تحفظ ، سالمیت اور دفاع کے لئے اسی جذبہ ایمانی اور عزم کو ہمیشہ قائم رکھیں گے جس کا مظاہرہ پوری قوم نے 1965 ء کی جنگ کے دوران کیا۔