Live Updates

علیمہ خان پر انڈہ پھینکنے والی خواتین کا تعلق تحریک انصاف سے نکل آیا

خواتین نے علیمہ خان سے سوالات کیے لیکن جواب نہ ملنے پر مشتعل ہو کر انڈہ پھینک دیا، پولیس

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 5 ستمبر 2025 16:04

علیمہ خان پر انڈہ پھینکنے والی خواتین کا تعلق تحریک انصاف سے نکل آیا
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 ستمبر2025ء)  بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان پر انڈہ پھینکنے والی خواتین کا تعلق تحریک انصاف سے نکل آیا۔ ترجمان راولپنڈی پولیس انسپکٹر سجاد الحسن کے مطابق انڈہ پھینکنے والی خواتین کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے۔ بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا سے آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس اور آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن کے کارکن اپنے مطالبات کے سلسلے میں احتجاج کے لیے راولپنڈی آئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خواتین نے علیمہ خان سے سوالات کیے لیکن جواب نہ ملنے پر مشتعل ہو کر انڈہ پھینک دیا۔ واقعے کے بعد دونوں خواتین کو حراست میں لے کر اڈیالہ چوکی منتقل کر دیا گیا، جہاں ان سے تفتیش جاری ہے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث خواتین کے خلاف فوری مقدمہ درج کیا جائے۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واضح رہے علیمہ خانم کو دو خواتین نے انڈہ مار دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ناخوشگوار واقعہ اس وقت پیش آیا جب علیمہ خان میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔ اس دوران اچانک دو خواتین آگے بڑھیں اور ان پر انڈہ پھینک دیا۔ علیمہ خان نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی گفتگو مختصر کر دی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے دونوں خواتین کو موقع پر ہی حراست میں لے لیا تھا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات