بھارت کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے کی پیش گوئی کرنیوالے گنٹر فہلنگر کا سوشل میڈیا ایکس اکائونٹ بلاک

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:20

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) آسٹریا کے ماہر معاشیات گنٹر فہلنگر کی بھارت کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے کی پیش گوئی اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو ’’روس کا کارندہ‘‘ قرار دینے پر بی جے پی کی ہندوتوا بھارتی حکومت نے ان کا سوشل میڈیا ایکس اکائونٹ بلا ک کر دیاہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گنٹر فہلنگر نے سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ میں بھارت کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاتھا کہ نریندر مودی روس کا کارندہ ہے اور ہمیں خالصتان کی آزادی کے لیے دوستوں کی ضرورت ہے۔

گنٹر فہلنگر نے اپنی پوسٹ میں ایک نقشہ بھی جاری کیاتھا جس میں بھارت کی ریاستوں بشمول پنجاب، دلی، اتر پردیش اور راجستھان کو ’’خالصتان‘‘ کا حصہ اور مقبوضہ جموں و کشمیر کو پاکستان کا حصہ دکھایاگیاہے۔

(جاری ہے)

نقشے میں بھارت کے بعض علاقوں کو بنگلہ دیش اور نیپال کا حصہ بھی دکھایاگیاہے۔آسٹریا کے ماہر معاشیات کے ایکس اکائونٹ کوبھارت کی داخلہ اور الیکٹرانک اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارتوں کی طرف سے سوشل میڈیا کی انتظامیہ بھارت میں اس اکائونٹ کی رسائی روکنے کی درخواست کے بعد بلاک کیاگیاہے۔

گنٹر فہلنگر کی پوسٹ کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہے، جس سے بھارتی سیاسی رہنمائوں اور سوشل میڈیا صارفین کی طرف سے تنقید کی گئی ہے۔شیو سینا کی رکن پارلیمنٹ پرینکا چترویدی نے بھارتی وزارت خارجہ پر زور دیا ہے کہ وہ اس معاملے کو آسٹریا کی حکومت کے ساتھ اٹھائے۔سوشل میڈیا صارفین نے گنٹر فہلنگر کی 2023کی ایک پوسٹ کا بھی حوالہ دیا ہے جس میں انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ’’روس نواز‘‘ قرار دیتے ہوئے تنقید اور کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی حمایت کی تھی۔