یوم دفاع تجدید عہدکا دن ہے،وطنِ عزیز کی سلامتی اور بقا پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،صوبائی وزیر میر ظہور احمدبلیدی

جمعہ 5 ستمبر 2025 19:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی نے یومِ دفاعِ پاکستان کی تاریخ میں ایک لازوال اور درخشاں باب کی حیثیت رکھتا ہے، 1965 کی جنگ میں پوری قوم نے افواجِ پاکستان کے ساتھ مل کر جس بہادری اور قربانی کا مظاہرہ کیا وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع نہ صرف شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے بلکہ یہ ہمارے لیے اس عہد کی تجدید کا موقع بھی ہے کہ وطنِ عزیز کی سلامتی اور بقا پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

شہدا کی قربانیاں ہمارے قومی وجود کی ضمانت ہیں اور ان کی بدولت پاکستان آج بھی سر اٹھا کر دنیا میں موجود ہے۔میر ظہور بلیدی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ قومی دفاع، عوامی اتحاد اور ملکی سلامتی کو اولین ترجیح دی ہے،شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو تک پیپلز پارٹی نے ملکی دفاع کو مضبوط بنانے اور عوامی شعور بیدار کرنے میں تاریخی کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ وطن کے دفاع میں بھرپور کردار ادا کیا ہے اور ان کی قربانیاں ملک کی تاریخ کا قابلِ فخر سرمایہ ہیں۔