۶8 ستمبر کو صوبہ بھر میں پہیہ جام اور شٹر ڈائون ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں، بلوچستان کی طلباء تنظیمیں

جمعہ 5 ستمبر 2025 22:40

د*کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 ستمبر2025ء) بلوچستان کی طلباء تنظیموں پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (پجار) ، بلوچ اسٹوڈٹنس آرگنائزیشن، پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن، انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے رہنمائوں بوہر صالح بلوچ، صمند بلوچ، سیف اللہ خان، طاہر شاہ، مطیع اللہ نے آل پارٹیز کے رہنمائوں کی جانب سے 2 ستمبر کو بی این پی کے جلسے کے اختتام پر خودکش حملے میں بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع اور درجنوں کے زخمی ہونے اور حقوق کے حصول کے لئے 8 ستمبر کو صوبہ بھر میں پہیہ جام اور شٹر ڈائون ہڑتال کی کال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے ہم کامیاب بنائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بی این پی کے تعزیتی جلسے کے اختتام پر ہونے والے خودکش حملے جس میں بی این پی کے 15 بے گناہ سیاسی کارکنوں کی شہادت اور 32 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ پوری بلوچ قوم پرست جماعتوں اور قیادت پر تھا اس میں تمام بڑی سیاسی اور قوم پرست جماعتوں کی مرکزی اور صوبائی قیادت سمیت دیگر رہنماء اور ورکز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی اس حملے میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان رکن قومی اسمبلی سردار اختر جان مینگل اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ تحفظ آئین پاکستان تحریک کے چیئرمین رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی ، میر کبیر احمد محمد شہی اصغر اچکزئی ،دائود شاہ کاکڑ سمیت دیگر رہنمائوں اور کارکنوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی جس میں بے گناہ انسانی جانوں کے خون سے ہولی کھیلی گئی حالانکہ آئین و قانون کے تحت ہر شہری کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے بلوچستان میں جبری گمشدگیاں اور مسخ شدہ لاشیں ملنا روز کا معمول بن چکا ہے قومی قیادت کو خودکش حملہ آوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے حکومت اور ریاستی ادارے سیاسی قیادت کو تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئے ہیں سانحہ 2 ستمبر کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں 8 ستمبر کو پشتون بلوچ خطے میں مکمل پہیہ جام اور شٹر ڈائون ہڑتال اور احتجاج ہو گا انہوں نے کہا کہ تمام طلبا تنظیمیں سیاسی جماعتوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہیں عوام اور سیاسی قوتوں کے ساتھ ہر محاذ پر کھڑے رہیں گے۔

تمام ورکرز سے 8 ستمبر کی ہڑتال کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ ہمارا پر امن احتجاج ہوگا اور تمام طلباء احتجاج کو کامیاب بنانے کے لئے سیاسی جماعتوں کے شانہ بشانہ ہوں گی