Live Updates

حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی حیاتِ طیبہ اور ان کی تعلیمات پاکستان کو درپیش سماجی، معاشی اور قومی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے مشعلِ راہ ہیں، سید یوسف رضا گیلانی

ہفتہ 6 ستمبر 2025 14:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی حیاتِ طیبہ اور ان کی تعلیمات پاکستان کو درپیش سماجی، معاشی اور قومی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔یہاں موصول ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے یہ بات ملتان کے دولت گیٹ پر انجمن اسلامیہ کے زیر اہتمام جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی بھی ان کے ہمراہ تھے۔چیئرمین سینیٹ نے امتِ مسلمہ اور پوری قوم کو 12 ربیع الاول کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت ایمان، خوشی اور برکتوں کا وہ لمحہ ہے جس نے انسانیت کو علم، امن اور ہدایت کی راہ دکھائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے اور تعلیم ہی پاکستان کے استحکام، خوشحالی اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے انجمن اسلامیہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم نے جنوبی پنجاب بالخصوص ملتان میں تعلیمی میدان میں گراں قدر کردار ادا کیا ہے اور میرٹ کی بنیاد پر بلا امتیاز تعلیمی ادارے قائم کیے ہیں۔ انہوں نے انجمن کے صدر سید عمران الحسن گیلانی کی علم کے فروغ کے مشن کو جاری رکھنے پر خصوصی تعریف بھی کی۔چیئرمین سینیٹ نے اس دن کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آج یومِ دفاع اور 12 ربیع الاول کا مبارک دن اکٹھا ہونا ایک خاص پیغام ہے۔

انہوں نے پاک فوج کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جانبازوں کی قربانیاں ثابت کرتی ہیں کہ پاکستان ایک مضبوط اور ایٹمی طاقت رکھنے والا ملک ہے، جس کے جوانوں نے ملک کی آزادی اور بقا کو محفوظ بنایا۔ملک میں جاری سیلابی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متاثرین کی بحالی ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات، فلاحی اداروں اور تنظیموں پر زور دیا کہ وہ حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر متاثرین کی مدد کریں۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی سیرت انسانیت کو محبت اور اتحاد کا پیغام دیتی ہے۔ انہوں نے یومِ دفاع پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کو چاہیے کہ اختلافات بھلا کر سیلاب متاثرین کی خدمت کے لیے متحد ہو جائیں۔بعدازاں انجمن اسلامیہ کے زیراہتمام ایک شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں ملتان کے سیاسی، مذہبی اور سماجی رہنماؤں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور دیگر معزز شخصیات کے ہمراہ انجمن اسلامیہ کے صدر سید عمران الحسن گیلانی کی روایتی دستار بندی بھی کی۔تقریب میں سجادہ نشین درگاہ حضرت موسیٰ پاک شہیدؒ سید ابو الحسن گیلانی، اراکین قومی اسمبلی سید علی موسیٰ گیلانی اور سید علی قاسم گیلانی، سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی، پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم اور دیگر شخصیات بھی شریک تھیں۔

اجتماع کے اختتام پر علم، اتحاد اور امن کے پیغام کو عام کرنے کا عہد کیا گیا۔ بعد ازاں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کی قیادت میں دولت گیٹ سے حسین آگاہی چوک تک ایک عظیم الشان جلوس بھی نکالا گیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات