Live Updates

مشکل کی گھڑی میں سیلاب متاثرین کو تنہانہیں چھوڑیں گے،انجنیئرامیرمقام کا شانگلہ میں جاں بحق افراد کے ورثا میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 6 ستمبر 2025 20:20

شانگلہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) وزیرِاعظم کی خصوصی ہدایات پر وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ ضلع شانگلہ کے 36 جاں بحق افراد کے ورثا میں امدادی چیک تقسیم کر دیئے۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ہم اس مشکل گھڑی میں عوام کی خدمت کیلئے نکلے ہیں، یہ کام سیاست سے بالا تر ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے سیلاب آنے کے بعد بذات خود سیلاب سے متاثرہ اضلاع کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرین سے اظہار ہمدردی کیا اور سیلاب متاثرین کی مشکلات کو وفاقی کابینہ اور وزیراعظم کے سامنے اٹھایا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تمام متعلقہ وفاقی اداروں کو احکامات جاری کئے کہ فوری طور پر متاثرین کی مدد کریں،ہم نے سب سے پہلے متاثرہ علاقوں کی بجلی اور رابطہ سڑکیں بحال کیں، وفاقی اداروں نے صوبائی حکومت کیساتھ امدادی سرگرمیوں میں بھرپور ساتھ دیا،وزیراعظم شہباز شریف سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کاموں اور بحالی کی سرگرمیوں کی نگرانی کررہے ہیں، مجھ سمیت تمام وفاقی وزراء سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں امدادی اور بحالی کی سرگرمیوں کی نہ صرف نگرانی کررہے ہیں بلکہ متاثرین کو وفاقی حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون بھی فراہم کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے متاثرین کوراشن، خیمے، کمبل، ادوایات اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی گئیں، وفاقی حکومت کی جانب سے سیلاب میں جاں بحق افراد کے ورثا کو امدادی چیکس دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے، وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی تک ان کیساتھ ہے۔ ہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین ہمارے اپنے لوگ ہیں ،مشکل کی اس گھڑی میں ان کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے اور نہ ہی اس پر سیاست کی جائے گی،یہ کام سیاست سے بالاتر ہے، ہم اللہ کی رضا کےلئے عوام کی خدمت کیلئے نکلے ہیں۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ قومی اداروں اور شہریوں نے متاثرین کیلئے مثالی کردار ادا کیا، پاک فوج بھی امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بونیر کا دورہ کیا اور متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات