Live Updates

حکومت اور عوامی نمائندے مل کر سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں، وفاقی وزیرقیصر احمد شیخ

اتوار 7 ستمبر 2025 15:40

چنیوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ حکومت اور عوامی نمائندے مل کر سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں، مشکلات ضرور ہیں لیکن ہم سب ایک پلان کے تحت متاثرہ علاقوں کی تعمیر و بحالی کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔اڈہ پٹھان کوٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے 25 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ فراہم کی گئی ہے جسے متاثرہ علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر استعمال کیا جا رہا ہے، مزید فنڈز بھی بڑھائے جائیں گے۔

مخیر حضرات اور مقامی تنظیمیں بھی اس کارخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے فوری طور پر خوراک اور خیموں کا بندوبست کیا گیا جبکہ بحالی کے لیے جامع منصوبہ بندی پر کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

"ہماری صوبائی و وفاقی حکومتیں اور مقامی انتظامیہ ہر سطح پر تعاون کر رہی ہیں، ہم متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ چین کے حالیہ دورے کے دوران سرمایہ کاری کے حوالے سے تاریخ کی سب سے بڑی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم، وفاقی وزراء اور چینی سرمایہ کاروں کی موجودگی میں پاکستان میں مختلف منصوبوں پر سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سمندروں سے زیادہ گہری اور آسمانوں سے زیادہ بلند ہے، مستقبل قریب میں بڑی چینی صنعتیں پاکستان منتقل ہوں گی جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور ایکسپورٹس میں اضافہ ہوگا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات