پنجاب پولیس پاک فوج کے شہدا اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، آئی جی پنجاب

اتوار 7 ستمبر 2025 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے یوم دفاع پاکستان اور جشن عید میلاد النبی ﷺکے موقع پر کہا ہے کہ پنجاب پولیس پاک فوج کے شہدا اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ ملکی بقا و سلامتی اور قدرتی آفات میں پاک فوج کے خدمت و ایثار اور قربانی کی مثال کہیں نہیں ملتی۔

افواج پاکستان نے معرکہ حق میں ستمبر 1965 کی جنگ کی طرح ایک بار پھر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دئیے۔ پنجاب پولیس ملک کی اندرونی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور بین الصوبائی سرحدی چوکیوں پر دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔ پنجاب پولیس ملکی ، اندرونی وبیرونی سرحدوں اور شہریوں کی حفاظت کیلئے قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

یوم دفاع اور جشن عید میلاد النبی ﷺکے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں پرنور محافل، ریلیوں اور جلوسوں کے لئے سخت سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے گئے۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے اور شرپسند و ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ تمام مکاتب فکر سے اپیل کی گئی کہ وہ بین المسالک و مذاہب ہم آہنگی، برداشت اور رواداری کو فروغ دیں۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ صوبے بھر میں 1398 محافل میلاد النبی ﷺاور 2498 جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے 60 ہزار سے زائد افسران واہلکار تعینات کئے گئے۔ لاہور میں 216 جلوس اور 112 سے زائد محافل کیلئے 10 ہزار سے زائد پولیس افسران، اہلکار اور کمیونٹی رضا کاروں نے سکیورٹی فرائض سر انجام دیے۔ محافل اور جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے ایگزیکٹو پولیس، ٹریفک پولیس، ایلیٹ فورس، سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ ٹیموں نے سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض ادا کیے جبکہ حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات اور سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے ریلیوں، جلوسوں اور محافل کی مانیٹرنگ بھی کی گئی۔

پولیس ٹیموں نے عید میلاد النبیﷺکے پروگراموں کے پرامن انعقاد کے لئے امن کمیٹیوں، علما کرام، کمیونٹی لیڈرز سے موثر کوارڈینیشن یقینی بنائی۔تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے جشن عید میلادالنبیﷺکے سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کی۔ پولیس کنٹرول رومز سے جشن عید میلاد النبیﷺپروگرامز کے سکیورٹی انتظامات کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر لاہور سمیت صوبے بھر کی پولیس لائنز، دفاتر، تھانوں اور دیگر پولیس عمارات پر چراغاں کیا گیا۔ پنجاب پولیس نے جشن عید میلاد النبیﷺاور یوم دفاع پاکستان انتہائی عقیدت و احترام سے منایا۔ پنجاب پولیس نے تقریبات اور چراغاں کے ذریعے یوم معرکہ حق میں افواج پاکستان کی تاریخ ساز کامیابیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔