ربیع الاول میں لوڈشیڈنگ اسلام دشمنی ہے، کی-الیکٹرک قادیانی ایجنڈے پر عمل کر رہا ہے، مفتی محمد جان نعیمی، ملک شکیل قاسمی

پیر 8 ستمبر 2025 20:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)ربیع الاول کے مقدس ایام میں کی-الیکٹرک کی جانب سے جاری بدترین اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر دینی جماعتوں، علمائے کرام اور عوامی حلقوں کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔مرکزی جماعتِ اہل سنت پاکستان کے امیر اور مفتیِ اعظم سندھ، صاحبزادہ مفتی محمد جان نعیمی نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 سے 20 گھنٹے کی بدترین لوڈشیڈنگ کر کے محافلِ میلاد مصطفی ﷺ کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے۔

یہ عمل اسلام دشمن لابی کی سازش کا حصہ ہے، جس کے پیچھے قادیانی ایجنڈا کارفرما ہے۔انہوں نے کہا کہ کی-الیکٹرک انتظامیہ نے تعصب اور دشمنی کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ یہ کھلی اسلام دشمنی اور عاشقانِ رسول ﷺ کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

مفتی نعیمی نے اعلان کیا کہ اگر حکومت اور کی-الیکٹرک نے فوری طور پر لوڈشیڈنگ بند نہ کی تو عاشقانِ رسول ﷺ علمائے کرام کی قیادت میں سڑکوں پر آئیں گے، شدید احتجاج ہوگا اور کراچی کی ہر گلی سے للکار بلند ہوگی۔

دوسری جانب، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما، مرکزی میلاد الائنس پاکستان کے کنوینر اور متحدہ ختم نبوت فورم کے بانی جنرل سیکریٹری، ملک محمد شکیل قاسمی نے بھی کی-الیکٹرک کے خلاف شدید ردِعمل دیا۔انہوں نے کہاکہ ربیع الاول کے ان مقدس دنوں میں لوڈشیڈنگ کرنا صرف عوام دشمنی نہیں بلکہ صریحاً مذہبی دشمنی ہے۔ یہ عمل نعت خوانی، ذکر، عبادات اور میلاد النبی ﷺ کی محافل کو متاثر کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے۔

ملک شکیل قاسمی نے حکومت، وزیر اعظم، وفاقی وزیر توانائی اور گورنر سندھ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور خبردار کیا کہ اگر اس رویے سے باز نہ آیا گیا توہم تمام مذہبی جماعتوں اور عوامی کمیٹیوں کے ساتھ مل کر احتجاجی تحریک چلائیں گے، جو دھرنوں، ریلیوں اور جلسوں پر مشتمل ہوگی، اور اُس وقت تک جاری رہے گی جب تک عاشقانِ رسول ﷺ کو ان کے دینی شعائر ادا کرنے میں سکون نہ ملے۔