افواج پاکستان کے شہداء کا نام تاقیامت زندہ و جاوید رہے گا ، عبداللہ حمید گل کا1965 کی جنگ کے ہیرو چوہدری محمد اکثر شہیدکو خراج عقیدت

پیر 8 ستمبر 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) تحریک نوجوانان پاکستان کے سربراہ عبداللہ حمید گل نے 1965جنگ کے ہیرو نائیک چوہدری محمد اکثر شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے ان شہداء نے وطن عزیز کے دفاع اور ہمارے کل کو روشن اور محفوظ بنانے کے لئے اپنی جانیں قربان کیں ،افواج پاکستان کے شہداء کا نام تاقیامت ایسے ہی زندہ و جاوید رہے گا ، دنیا معترف ہے کہ پاکستان کی افواج نے اپنے وطن کے دفاع کے لئے ہر محاذ پر دشمن کو ایسی شکست دی کہ وہ کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہا ، ہندوستان کے جرنیل کا اعتراف کافی ہے کہ پاکستان کی افواج نے جو کچھ کیا اس کی توقع ہمیں نہ تھی ۔

وہ پیر کو چہاری کلیال،مندرہ میں پاک فوج کے 1965 جنگ کے ہیرو چوہدری محمد اکثر شہیدکی 60 ویں برسی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس مو قع پرشہید چوہدری محمد اکثر کے صاحبزادے چوہدری محمد صفدر ،وقار صفدر چوہدری ،حمیر صفدر چوہدری، رانا مجابد ، چوہدری اکرم ، گوجر خان پریس کلب کے ندیم ملک کلیامی سمیت معززین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

قاری غلام محمد فتح نے تقریب کے اختتام پر اجتماعی دعا کرائی ۔تحریک نوجوانان کے سربراہ عبداللہ حمید گل نے کہا کہ شہیدوں کی یاد میں اس محفل میں شرکت میرے لئے اعزاز کی بات ہے ، چوہدری صفدر کو یہ کریڈیٹ جاتا ہے کہ آج وہ اپنے والد کی 60 ویں برسی منارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہادت اتنا بڑا رتبہ ہے کہ اس کا لہو زمین پر گرنے سے قبل اللہ تعالیٰ سے ملاقات کرتا ہے ، کوئی شہید ایسا نہیں دیکھا جس کے چہرے پر کرب کا نشان ہو ، شہید زندہ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے ۔

انہوں نے جاوید شہزاد مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید چوہدری محمد اکثر کی برسی کے انعقاد کے تسلسل میں جاوید شہزاد کا بھی کلیدی کردار رہا اور شہید چوہدری محمد اکثر سمیت تمام شہد اء کا نام تاقیامت ایسے ہی زندہ رہے گا ۔ عبداللہ حمید گل نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری افواج ، سکیورٹی فورسز اور چاروں صوبوں بشمول آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان پولیس نے اس وطن عزیز کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے اپنے مذموم مقاصد کے لئے حملے کی کوشش کی تو ہماری افواج نے آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے ایک جرنیل نے اعتراف کیا کہ پاکستان کی افواج نے وہ کر دکھایا جس کی ہندوستان کو توقع نہیں تھی ۔ پوٹھوہار کے ہر گائوں میں شہداء کی قبریں ہیں یہ ہی ہمارا اعزاز ہے ۔

سابق ایم این اے حاجی پرویز خان نے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج نے جس دلیری سے ہندوستان کو شکست دی اس کا اعتراف پوری دنیا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نائیک محمد اکثر شہید نے جس دلیری سے مادرطن کا دفاع کیا اس کی واقعی ہی مثال نہیں ملتی ۔ کرنل (ر) عماد گیلانی نے کہا کہ شہید جب جنت میں اپنے رتبوں پر پہنچ جائیں گے تو انہیں اللہ کی تجلی کادیدار ہوگا ۔

مرکزی انجمن تاجران گوجرخان کے صدر راجہ جواد نے کہا کہ آج نائیک چوہدری محمد اکثر کی 60 ویں برسی اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ چوہدری محمد اکثر نے اپنے پیاروں کو چھوڑ کر اس وطن کے دفاع کے لئے اپنی جان قربان کر دی۔ انہوں نے کہا کہ انسان کے دل کے اندر جیسے پیسے کے لئے محبت ہے ویسے ہی اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کی محبت بھی ہونی چاہیے ،نظریہ کی بنیاد پر ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی سخت ضرورت ہے ۔ دانیال شوکت عزیز ،پروفیسر محمد سجادساجد ، ندیم ملک کلیامی نے بھی شہید نائیک چوہدری محمد اکثر کو زبردست انداز میں خراج عدییت پیش کرتے ہوئے کہا کہ خطہ پوٹھوہار کے شہداء میں نائیک محمد اکثر کا نام سرفہرست ہے ۔