Live Updates

لوگ بھوک سے مر رہے ہیں، مریم نواز اور شہبازشریف کو عوام کا دکھ نہیں ٹک ٹاک پوز کی فکر ہے، زلفی بخاری

یہ سیلاب کا نتیجہ نہیں بلکہ جان بوجھ کر کسانوں کو تباہ کرنے کی سازش ہے، گندم کی قیمتیں گرا کر لاکھوں کسان برباد کیے گئے، شوگر مافیا کو برآمد و درآمد کے ذریعے 400 ارب کا تحفہ دیا گیا؛ پی ٹی آئی رہنماء کی تنقید

Sajid Ali ساجد علی منگل 9 ستمبر 2025 13:04

لوگ بھوک سے مر رہے ہیں، مریم نواز اور شہبازشریف کو عوام کا دکھ نہیں ..
لندن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 ستمبر2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء زلفی بخاری کا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ لوگ بھوک سے مر رہے ہیں، مریم نواز اور شہبازشریف کو عوام کا دکھ نہیں ٹک ٹاک پوز کی فکر ہے۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ روٹی کی قیمت ایک ماہ میں 21 سے 25 روپے ہوکر 14فیصد بڑھ چکی ہے، چپاتی کی قیمت 36 فیصد اضافے کے بعد 11 سے بڑھ کر 15 روپے ہوگئی اور 50 کلو فائن آٹا 3 ہزار 800 سے بڑھ کر 5 ہزار 700 روپے کا ہوچکا ہے جو قیمت میں 50 فیصد اضافہ بنتا ہے۔

زلفی بخاری کہتے ہیں کہ گزشتہ سیزن میں گندم کی قیمتیں گرا کر لاکھوں کسان برباد کیے گئے، شوگر مافیا کو برآمد و درآمد کے ذریعے 400 ارب کا تحفہ دیا گیا، اس بار کسانوں کے پاس کھاد خریدنے کے پیسے نہ تھے تو پیداوار کم ہوئی، اب سیلاب زدہ علاقے بھوک سے مر رہے ہیں، یہ سیلاب کا نتیجہ نہیں بلکہ جان بوجھ کر کسانوں کو تباہ کرنے کی سازش ہے لیکن مریم نواز اور شہباز شریف کو عوام کا دکھ نہیں صرف بورڈز پر اپنی تصویروں اور ٹک ٹاک پوز کی فکر ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح مشیر خزانہ خیبر پختونخواہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ حکومت گندم سستا کرنے کا بڑا کریڈٹ لے رہی تھی، حکومت نے کسانوں سے گندم لے کر ذخیرہ اندوزوں کے پاس رکھوا دی اب گندم کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے، 40 کلوگرام گندم کی قیمت 3 ہزار 943 روپے ہوگئی ہے جو 72 ہفتوں کی بلند ترین سطح ہے، جس کا مطلب ہے کہ گندم کی قیمتوں میں 50 فیصد اضافہ ہوچکا ہے، کیا 50 فیصد اضافہ مذاق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو 70 روپے کا آٹا 120 روپے میں ملنا شروع ہو گیا ہے، ملک میں وافر گندم موجود ہے لیکن اس کے پیچھے ایک مافیا ہے، گندم مافیا کیلئے کسی کی سرپرستی لازمی بات ہے، سرپرستی ان کی ہے جن کی پالیسیز ہیں، گندم نرخ میں اضافہ سیلاب سے جوڑنا ایک بہانہ ہے جو کام کرنا تھا وہ کر گئے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات