زرعی شعبہ میں جدید مالیاتی ماڈلز اپنانے کی اشد ضرورت ہے، وفاقی وزیرخزانہ کی اکیومن پاکستان کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

منگل 9 ستمبر 2025 13:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ زرعی شعبہ میں موسمیاتی موزونیت،غذائی تحفظ اوردیہی علاقوں میں روزگارکے مواقع بڑھانے کیلئے جدید مالیاتی ماڈلز اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کویہاں اکیومن پاکستان کی سی ای او اور کنٹری ہیڈ ڈاکٹر عائشہ خان کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں کہی ۔

ملاقات کے دوران اکیومن کی ٹیم نے وزیر خزانہ کو پاکستان کے لیے 90 ملین ڈالر کے ایگریکلچر ریزیلینس فنڈپر پیش رفت سے آگاہ کیا جو زرعی شعبے میں موسمیاتی تبدیلیوں سے موافقت کے لیے فنانس سہولت کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے زیادہ متاثرہونے والے ممالک میں شامل ہے ، پاکستان کو اپنی زرعی معیشت میں سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ زرعی شعبہ میں موسمیاتی موزونیت،غذائی تحفظ اوردیہی علاقوں میں روزگارکے مواقع بڑھانے کیلئے جدید مالیاتی ماڈلز اپنانے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ تعاون اورپائیدارحمایت کے حوالہ سے اکیومن کے عزم کا خیرمقدم کیا اور خوراک کے نظام کو مضبوط بنانے، اسمارٹ فارمنگ کو فروغ دینے اور زرعی کاروبار میں سرمایہ کاری کے ذریعے کسانوں کی لچک بڑھانے کے حوالہ سے اکیومن پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی۔

وزیرخزانہ نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت پاکستان کے پائیدار ترقی اور ماحولیاتی لچک کے ایجنڈے سے مطابقت کے حوالہ سےسرمایہ کاری اقدامات کی مکمل حمایت کرے گی۔ اجلاس میں بتایاگیاکہ ملک کے بہتر ہوتے معاشی اشاریوں اور مستقبل کی مثبت سمت کے تناظر میں اکیومن کے بورڈ ممبران اور عالمی سرمایہ کاروں پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کا وفد اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کرے گا ، وفد اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں اہم شراکت داروں کے ساتھ ملاقاتیں کرے گا،اجلاس میں فریقین نے پاکستان میں مضبوط اور پائیدار زرعی شعبے کی ترقی کے لیے تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کااعادہ کیا۔