وزیرمملکت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر کا دیہی سکولوں کا دورہ، ایک بیٹی ایک شجر مہم کا افتتاح کیا

منگل 9 ستمبر 2025 16:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے منگل کو وفاقی دارالحکومت کی دور افتادہ یونین کونسل پنڈ بیگوال کے دس سرکاری سکولوں کا دورہ کیا اور پودا لگاکر وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت شجرکاری مہم "ایک بیٹی، ایک شجر" کا باقاعدہ افتتاح کیا، اس مہم کے تحت مختلف علاقوں بشمول پنڈ بیگوال، ڈنہ، اٹھال، سہالہ، جندالہ، بین نالہ، پلالی اور میرا بیگوال میں واقع اسلام آباد ماڈل سکولز اور کالجز میں پودے لگائے گئے۔

شجرکاری کی اس مہم کا مقصد نہ صرف ماحولیاتی شعور اجاگر کرنا ہے بلکہ طلبہ ، اساتذہ اور مقامی کمیونٹی کو اس قومی مقصد میں شامل کرنا بھی ہے۔ وجیہہ قمر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک درخت ہر بیٹی کے نام، ایک درخت ہر ماں کے نام اور ایک درخت ہر شہید کے نام، یہ پیغام ہر پاکستانی کے دل کے قریب ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس مہم کا آغاز دانستہ طور پر ایک پسماندہ اور دور دراز علاقے سے کیا تاکہ پیغام واضح ہو کہ یہ مہم ہر پاکستانی کے لیے ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں اور درخت لگانا ان خطرات سے نمٹنے کا موثر ذریعہ ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ درخت لگانا محض علامتی عمل نہیں بلکہ قومی ذمہ داری ہے، ہر شہری کو کم از کم ایک پودا ضرور لگانا چاہیے تاکہ ہم آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ اور صحت مند ماحول دے سکیں۔

انہوں نے سکولوں، اساتذہ اور طلبہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو ان اقدامات میں شامل کرنے سے ان میں ملک سے محبت، ذمہ داری کا احساس اور ماحولیاتی شعور اجاگر ہوگا۔وزیر مملکت نے کہا کہ یہ مہم وفاقی وزارت تعلیم کی "تعلیم برائے پائیدار ترقی" حکمت عملی کے تحت جاری ہے جس کا مقصد تعلیم کے ذریعے ماحول دوست رویوں کو فروغ دینا ہے، مہم کے اگلے مراحل میں اسلام آباد کے دیگر سکولوں کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر حصوں میں بھی اس کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔ تقریب کا اختتام ایک پرجوش عزم کے ساتھ ہوا جہاں طلبہ ، اساتذہ اور مقامی افراد نے پودے لگائے اور ان کی نگہداشت کا وعدہ کیا۔\932