وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ترکیہ کے وزیردفاع یاسر گولر کی ملاقات، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

منگل 9 ستمبر 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) ترکیہ اور پاکستان کے وزرائے دفاع نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی صنعتی تعاون، مشترکہ تربیت اور باقاعدہ مشترکہ فوجی مشقوں پر زور دیا ہے۔منگل کو وزارت دفاع سے جاری بیان کے مطابق ترکیہ کے وزیردفاع یاسر گولر نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی۔ دونوں اطراف نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط دوطرفہ دفاعی تعلقات کی توثیق کی،دونوں ممالک نے تعلقات کو ''دو ممالک، ایک قوم'' اور ''دل سے دل'' کے طور پر بیان کیا۔

(جاری ہے)

دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال اور دفاعی صنعتی تعاون، مشترکہ تربیت اور باقاعدہ مشترکہ فوجی مشقوں پر زور دیا گیا۔ترکیہ کے وزیردفاع یاسرگولر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت اور علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں ان کے کردار کو سراہا۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان کے لیے ترکیہ کی مسلسل حمایت اور سکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور علاقائی تعاون سمیت شعبوں میں جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔