1 جسے سیاسی پارٹیوں کے کارکنوں اور عوام نے کامیاب بناکر نہ صرف دہشتگردانہ واقعہ کی مذمت کی بلکہ دہشتگردی اورفارم 47کی مسلط حکومت کے خلاف اپنا ریفرنڈم دیا

منگل 9 ستمبر 2025 23:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 ستمبر2025ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، صوبائی نائب صدر مجید خان اچکزئی ، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان اور دیگر صوبائی ایگزیکٹیوز کے اراکین نے اپنے مشترکہ بیان میں 8ستمبر کے کامیاب پہیہ جام وشٹر ڈائون ہڑتال پر صوبے کے تمام عوام اور ہرمکتبہ فکر کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فارم47کی جانب سے پشتونخوامیپ سمیت دیگر سیاسی جمہوری رہنمائوں ،کارکنوں ، طلباء تنظیموں کے کارکنوں کی گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوامیپ کے چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی ، بی این پی کے قائد سردار اختر جان مینگل ودیگر سیاسی جماعتوں کے اکابرین کی جانب سے 2ستمبر کے دہشتگردانہ ،وحشیانہ سانحہ کے خلاف 8ستمبر کو صوبہ بھر میں پہیہ جام اور شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان کیا تھا جسے سیاسی پارٹیوں کے کارکنوں اور عوام نے کامیاب بناکر نہ صرف دہشتگردانہ واقعہ کی مذمت کی بلکہ دہشتگردی اورفارم 47کی مسلط حکومت کے خلاف اپنا ریفرنڈم دیا ۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ تا چمن ، کوئٹہ تا شیرانی، کوئٹہ تا حب ، کوئٹہ تا جیکب آباد، کوئٹہ تا فورٹ منڑو ڈیرہ غازی روڈ سمیت تمام بین الصوبائی اور صوبے کے تمام اضلاع میں مکمل پہیہ جام اورکامیاب شٹر ڈائون ہڑتال رہا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فارم47کی حکومت کی جانب سے پرامن ہڑتال کو سبوتاژ کرنے کے لیے غیر آئینی ،غیر قانونی ،غیر جمہوری اقدامات ذریعے سیاسی کارکنوں پر تشدد ، لاٹھی چارج، آنسو گیس شیلنگ،سٹیٹ فائرنگ ، کارکنوں کو زخمی کرنے ، سیاسی جماعتوں کے مرکزی،صوبائی ، ضلعی ، تحصیل رہنمائوں اور طلباء تنظیموں کے رہنمائوں وکارکنوں کی سینکڑوں کی تعداد میں گرفتاریاں ، انٹرنیٹ کی صوبہ بھر میں بندش دراصل حکومت کی بوکھلاہٹ اور عوام دشمنی پر مبنی اقدامات کے سوا کچھ نہیں ۔

پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال ، مرکزی ایڈیشنل مالیات سیکرٹری آغا سید لیاقت علی ، مرکز ی سیکرٹری عبدالحق ابدال ، صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان ،صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز گل خلجی ، حبیب الرحمن بازئی سمیت کوئٹہ، پشین ، لورالائی سمیت مختلف اضلاع میں پارٹی رہنمائوں کے خلاف ایف آئی آرزدرج کرنے، ضلعی وتحصیل کے سینکڑوںرہنمائوں ، کارکنوں ، پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے 24سے زائد رہنمائوں وکارکنوں کی گرفتاریاں کی گئی ۔

پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالے ضلع ایگزیکٹیوزکوئٹہ محمد علی بازئی ، علاقائی سیکرٹری بلیلی دوئم حاجی یاسین ناصر اورکارکن نصراللہ خان زخمی ہوئے۔اسی طرح صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان کی گاڑی کو بجلی گھر پولیس تھانے کی جانب سے ضبط کرکے ٹریفک پولیس کے حوالے کیا گیا جس میں آئی فونز ،سمارٹ موبائل فونز، لیپ ٹاپس اور دیگر قیمتی سامان موجود تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی ان گرفتاریوں کی سخت ترین ا لفاظ میں مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے پر امن جمہوری احتجاج کے دوران پشتونخوامیپ سمیت تمام گرفتار شدگان سیاسی رہنمائوں وکارکنوں کو رہا کیا جائے اور انتظامیہ وپولیس کی جانب سے فائرنگ ، تشدد ، لاٹھی چارج میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے