جموں و کشمیر،بھارتی ایجنسی ایس آئی اے نے پلوامہ اوراسلام آباد کے اضلاع میں چھاپے مارے

بدھ 10 ستمبر 2025 14:05

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں نئی دہلی کے زیر کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے)نے کالے قانون کی آڑ میں مختلف علاقوں میں گھروں پر چھاپے مارے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایس آئی اے نے بھارتی پولیس اہلکاروں کے ساتھ مل کرپلوامہ اور اسلام آباد اضلاع کے علاقوں اونتی پورہ اور بجبہاڑہ میں آزادی پسند سرگرمیوں کے بہانے مختلف گھروں پر چھاپے مارے۔

یہ چھاپے ایک آزادی پسند کارکن امین بابا کو پکڑنے کے لئے مارے جا رہے ہیں جو خود کو کالے قوانین اور بھارتی ریاستی دہشت گردی سے بچانے کے لیے روپوش ہوگئے ہیں۔بھارتی فوج، پیراملٹری فورسز، پولیس اور ایجنسیوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں نافذ کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ (AFSPA) کے تحت بے پنا اختیارات حاصل ہیں اوروہ کسی بھی شخص کو بغیر کسی قانونی کارروائی کے مشکوک قراردے کر قتل اورگرفتار کرسکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

یہ اختیارات انہیں کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کچلنے اورآزادی کے لئے اٹھنے والی آوازوں کو دبانے کے لئے دیے گئے ہیں ۔ایک تجزیہ کار نے کہا کہ ہزاروں کشمیری ان کالے قوانین کے تحت بھارت اورمقبوضہ جموں وکشمیرکی مختلف جیلوں میں بند ہیں جبکہ 1989سے تقریبا ایک لاکھ کشمیریوں کو شہید کیا جاچکا ہے۔انسانی حقوق کی تنظیموں نے ہمیشہ کالے قوانین کے نفاذ کے خلاف آواز اٹھائی ہے جبکہ سول سوسائٹی نے بھی عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے تمام بنیادی انسانی حقوق بحال کرانے کے لئے بھارت پر دبائو ڈالے۔