راولپنڈی ،آرٹ گیلری میں خطاطی و مصوری کی شاندار نمائش

بدھ 10 ستمبر 2025 21:31

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی اور افضل آرٹ گیلری کے اشتراک سے پنجاب آرٹس کونسل کی آرٹ گیلری میں نوجوان فنکاروں کی خطاطی اور مصوری کی شاندار نمائش منعقد ہوئی جس میں 80 سے زائد فن پارے آویزاں کیے گئے۔نمائش کا افتتاح رکن پنجاب اسمبلی و پارلیمانی سیکریٹری برائے اطلاعات و ثقافت شازیہ رضوان اور خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مہدی طاہری نے کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز افتخار علی شاہ، ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل محمد شکور اور سی ای او افضل آرٹ گیلری میاں افضل جاوید بھی شریک تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شازیہ رضوان نے کہا کہ نوجوان فنکار اپنی ثقافت اور روایات سے محبت کو فن کے ذریعے اجاگر کرنے میں مہارت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے تخلیقی ذہنوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی نمائشیں نہ صرف نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارتی ہیں بلکہ نئی نسل کو اپنی تہذیب اور ورثے سے جوڑنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ڈاکٹر مہدی طاہری نے کہا کہ خطاطی اور مصوری مشرقی تہذیب کی پہچان ہیں اور پاکستان کے نوجوان فنکار اس روایت کو نئی جہت دے رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کے فن کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاک ایران ثقافتی تعلقات ان تخلیقی کاوشوں سے مزید مضبوط ہوں گے۔

میاں افضل جاوید نے نمائش کی کامیابی پر تمام فنکاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو اس پلیٹ فارم پر اپنے فن کی نمائش کا موقع ملنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔نمائش میں شائقینِ فن نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور نوجوان فنکاروں کی کاوشوں کو سراہا۔ حاضرین کے مطابق یہ نمائش ایک شاندار ثقافتی تجربہ ثابت ہوئی جس نے فنونِ لطیفہ کے شائقین کو بھرپور لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا۔\378