صدر ٹرمپ کایورپی یونین سے بھارت پر100فیصد ٹیرف لگانے کا مطالبہ

بدھ 10 ستمبر 2025 21:00

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین سے بھارتی مصنوعات پر 100فیصد ٹیرف عائد کرنے کا مطالبہ کیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صدر ٹرمپ نے یہ مطالبہ امریکی و یورپی حکام کے درمیان جاری ٹیلیفونک اجلاس میں کیا۔اجلاس میں روس پر معاشی دبائو بڑھانے کے مختلف طریقوں پر غور کیا گیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق انہوں نے کہا کہ امریکا روسی تیل کے بڑے خریدار ممالک، چین اور بھارت پر مزید ٹیرف لگانے کے لیے تیار ہے لیکن یہ اقدام یورپی اتحادیوں کے ساتھ مل کر ہی اٹھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکا اس وقت بھی بھارتی مصنوعات پر 50فیصد اور چینی مصنوعات پر 30فیصد ٹیرف عائد کرچکا ہے، تاہم روس سے تیل خریدنے اور تجارتی ڈیل نہ کرنے کی وجہ سے ان دونوں ممالک پر مزیددبا ئو بڑھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 100فیصد ٹیرف کے ذریعے روس پر یوکرین جنگ ختم کرنے کا مشترکہ دبائو ڈالیں گے۔ امریکی صدر نے کہا سب مل کر محصولات لگائیں تا کہ بھارت روسی تیل خریدنا بند کرے۔امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ روسی تیل کے لیے زیادہ متبادل منڈیاں موجود نہیں ہیں، یورپی یونین بھارت اور چین پر محصولات لگائے گی تو واشنگٹن بھی ایسے اقدامات کرے گا۔