Live Updates

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے بغداد میں حضرت شیخ عبدالقادر الجیلانیؒ کے مزار کے سجادہ نشین الشیخ السید عفیف الدین الجیلانی کی ملاقات ، امت کو درپیش مشترکہ چیلنجز پر تبادلہ خیال

بدھ 10 ستمبر 2025 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے بغداد میں حضرت شیخ عبدالقادر الجیلانیؒ کے مزار کے سجادہ نشین الشیخ السید عفیف الدین الجیلانی نے یہاں ملاقات کی۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں اسلامی تاریخ، باہمی تعلقات، مسلم امہ کی ترقی اور امت کو درپیش مشترکہ چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں حضرت شیخ عبدالقادر الجیلانیؒ کی روحانی و علمی خدمات کو بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ یاد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنے آباؤ اجداد کی علمی اور روحانی خدمات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ گیلانی خاندان ہمیشہ دین کی سربلندی اور خدمتِ انسانیت کے لئے کوشاں رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کی وحدت، بہتری اور ترقی کے لئے ہمیشہ آواز بلند کی ہے اور یہی پیغام مختلف عالمی دوروں میں بھی دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کے صدر سے ملاقات کے دوران ملتان کو ایران کے شہر "گیلان" کا سسٹر سٹی قرار دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا جو دونوں ممالک کے عوامی و ثقافتی روابط کا روشن باب ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان میں سرکارِ دو عالم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی 1500 ویں ولادت باسعادت انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔

ایوانِ بالا نے اس موقع پر متفقہ قرارداد منظور کی جبکہ سرکاری سطح پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ شب بھی ایک عظیم الشان محفل میلاد کا اہتمام کیا گیا جس میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔الشیخ السید عفیف الدین الجیلانی نے سید یوسف رضا گیلانی کی قومی و عالمی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں بغداد کے خصوصی دورے کی دعوت دی۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ملاقات کے اختتام پر گیلانی خاندان پاکستانی عوام، ملک کی سلامتی اور سیلاب متاثرین کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات