Live Updates

سیلاب متاثرین کے ساتھ شانہ بشانہ‘ پاک فوج اور رینجرز کا امدادی مشن جاری

جمعرات 11 ستمبر 2025 22:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2025ء) پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاکستان آرمی اور رینجرز کے اہلکار دن رات ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں، جہاں وہ سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر متاثرہ شہریوں کی بھرپور مدد کر رہے ہیں۔ مشکل کی اس گھڑی میں پاک فوج کی بے لوث خدمات نے عوام کے دل جیت لیے ہیں، اور متاثرہ علاقوں میں ان کی موجودگی عوام کے لیے حوصلے اور تحفظ کا باعث بنی ہوئی ہے۔

قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور دیگر متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔ پاک فوج کی جانب سے متاثرہ خاندانوں میں راشن، امدادی سامان اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی اشیاء کی تقسیم کی جا رہی ہے، جبکہ مفت میڈیکل کیمپس کے ذریعے متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے ترجمان کے مطابق، ریلیف آپریشن میں ریسکیو، انخلاء، خوراک کی تقسیم، رہائش کی فراہمی اور طبی سہولیات کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

فوجی جوان متاثرہ علاقوں میں زمینی اور آبی راستوں کے ذریعے امداد پہنچا رہے ہیں، جبکہ رینجرز اہلکار بھی مقامی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔ متاثرہ علاقوں کے شہریوں نے پاک فوج کی خدمات پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ایک مقامی بزرگ نے کہا جب ہر طرف پانی ہی پانی تھا، تو پاک فوج ہی وہ واحد سہارا تھی جو ہمیں بچانے اور سنبھالنے آئی۔ پاک فوج کا یہ ریلیف مشن اس امر کی گواہی ہے کہ افواجِ پاکستان ہر آزمائش میں قوم کے ساتھ کھڑی ہوتی ہیں ۔ مشکل کی ہر گھڑی میں، چاہے وہ قدرتی آفات ہوں یا قومی بحران، پاک فوج اپنی روایت کے مطابق ہمیشہ قوم کی خدمت میں پیش پیش رہی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات