Live Updates

ماحولیاتی ایمرجنسی کا اعلان خوش آئندہے، سرائی نیاز حسین خاصخیلی

جمعرات 11 ستمبر 2025 21:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے صدر سرائی نیاز حسین خاصخیلی نے حکومت کے حالیہ ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی کے اعلان کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قدم ملک کو درپیش سیلابی اور ماحولیاتی بحران کے تناظر میں وقت کی ضرورت تھا۔ خاصخیلی نے کہا کہ سیلاب نے تینوں صوبوں خاص طور پر سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جس سے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم میاں شہباز شریف کا ماحولیاتی ایمرجنسی کا اعلان ایک مثبت قدم ہے جو حکومت کی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔ ہم وفاقی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہیں تاکہ متاثرہ عوام کو جلد سے جلد ریلیف پہنچایا جا سکے اور زرعی نقصانات کا ازالہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

سرائی نیاز حسین خاصخیلی نے اس موقع پر اس امر پر بھی زور دیا کہ صرف ایمرجنسی کا اعلان کافی نہیں، بلکہ عملی اقدامات اور شفافیت کے ساتھ بروقت امدادی سرگرمیوں کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر انتظامات میں کوتاہی ہوئی تو متاثرہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کریں گی تاکہ سیلاب کے نقصانات کی بحالی کے ساتھ ساتھ مستقبل میں ایسے قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے مضبوط حکمت عملی تشکیل دی جا سکے۔سرائی نیاز حسین خاصخیلی نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) سندھ، سندھ کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی اور حکومت پر زور دیا کہ متاثرہ علاقوں میں فوری ریسکیو اور امدادی کاموں کو تیز کیا جائے تاکہ کسی بھی قلیل مدت کی انسانی اور زرعی تباہی کو روکا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات