O کوئٹہ،پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی سے برٹش ہائی کمشنر جیئن میریٹ کی وفد کے ہمراہ ملاقات

کوئٹہ میں سردار عطا اللہ مینگل کی حالیہ برسی کی مناسبت سے بی این پی کے جلسے پر بم دھماکہ کے حوالے سے تعزیت کی

جمعرات 11 ستمبر 2025 22:45

کوئٹہ/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2025ء)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی سے برٹش ہائی کمشنر جیئن میریٹ نے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ انہوں نے کوئٹہ میں سردار عطا اللہ مینگل کی حالیہ برسی کی مناسبت سے بی این پی کے جلسے پر بم دھماکہ کے حوالے سے تعزیت کی۔

اس کے علاوہ ملک کے مجموعی سیاسی حالات سمیت علاقائی صورتحال اور افغانستان کے مسئلے پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ محمود خان اچکزئی نے ہائی کمشنر کے سامنے یہ بات رکھی کہ جو دنیا افغانستان پر چڑھائی اور اس کی بربادی کے لئے متحد تھی، انہیں اب افغانستان کی تعمیر نو کے لئے بھی اکٹھے کردار ادا کرنا چاہئے۔ ہمیں مغربی جمہوری ریاستوں اور UK سے یہی سوال ہے کہ 8 فروری کے انتخابات کے نتائج کا علم ہوتے ہوئے بھی یہ اس ناجائز سیٹ کو لے کر کیوں خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں اس معاملے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ کچھ دن پہلے شہباز شریف کی موجودگی میں امریکی کمپنیوں کے ساتھ معدنیات کے جن معاہدوں پر دستخط کئے گئے ہیں اس پر عوام کی تائید انہیں حاصل نہیں۔

(جاری ہے)

ان معدنیات پر پہلا حق وہاں کے عوام کا ہے اور اگر اس کو آئینی تحفظ نہیں دی جاتی تو سیاسی حالات مزید بگڑنے کا خدشہ ہے۔ جو کوئی بھی اپنے وطن کے وسائل اور اس کے دفاع کے حق میں سیاسی جدوجہد کرتے ہیں ان پر ریاستی ادارے دہشتگردی کا الزام لگاتے ہیں۔ ہم کسی کے خلاف نہیں مگر ان معدنیات کی کھوج سے پہلے وہاں کے عوام کو اعتماد میں لینا چاہئے۔ آخر میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آنے والے دنوں میں باہمی تعاون اور رابطہ قائم رکھیں گی