پاکستان اور ایران کے درمیان ساٹھ برس بعد ڈائریکٹ فلائٹ شروع

DW ڈی ڈبلیو جمعہ 12 ستمبر 2025 12:00

پاکستان اور ایران کے درمیان ساٹھ برس بعد ڈائریکٹ فلائٹ شروع

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 12 ستمبر 2025ء) پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات میں ایک اہم پیش رفت میں اسلام آباد اور تہران کے درمیان براہ راست پرواز بحال ہو گئی ہے۔ فضائی سروس کی افتتاحی تقریب جمعرات کے روز اسلام آباد کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقد ہوئی۔

حکام نے اس اقدام کو علاقائی روابط، سیاحت اور تجارت کے لیے سنگ میل قرار دیا۔

ایران اور پاکستان کے درمیان دوبارہ شروع ہونے والے فضائی سروس کی افتتاحی تقریب جمعرات کے روز اسلام آباد کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقد ہوئی جس میں پاکستان اور ایران دونوں ممالک کے مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس سلسلے میں جو معاہدہ ہوا ہے، اس کے مطابق ایران کی کمپنی 'ایئر ٹور' ہفتے میں ایک بار ہر منگل کے روز براہ راست فلائٹ چلا کرے گی۔

(جاری ہے)

حکام نے اس اقدام کو علاقائی روابط، سیاحت اور تجارت کے لیے سنگ میل قرار دیا ہے۔

اس موقع پر پاکستان میں ایران کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن نبی شیرازی نے کہا کہ ایران ایئر ٹور کی پروازوں کے آغاز سے سیاحت کو فروغ ملے گا، زائرین، طلبہ اور کاروباری افراد دونوں دارالحکومتوں کے درمیان آسانی سے سفر کر سکیں گے۔

شیرازی نے مزید کہا کہ دوطرفہ فضائی معاہدہ ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان کے حالیہ دورہ کے بعد کامیابی کے ساتھ طے پا یا۔

انہوں نے پروازوں کی بحالی پر دونوں ممالک کے شہریوں کے ساتھ ساتھ سیاحت اور کاروباری شعبوں کے اسٹیک ہولڈرز کو مبارکباد دی۔

پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے بھی اس موقع پر امید کا اظہار کیا کہ براہ راست پروازوں کی بحالی سے سیاحت کو "بے مثال فروغ" ملے گا، جس سے ایرانی شہریوں کو پاکستان کی قدرتی خوبصورتی اور مہمان نوازی کا تجربہ کرنے کا موقع ملے گا۔

ایران ایئر ٹور کے کنٹری منیجر ظہیر عباس خان نے اسلام آباد اور تہران کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا۔

دونوں ملکوں کے درمیان معاہدے کے تحت ایران ائیر ٹور ہر منگل کو اسلام آباد اور تہران کے درمیان براہ راست پرواز چلائے گا ۔ اسلام آباد سے تہران کے لیے پرواز صبح 7 بجے روانہ ہو گی۔

اطلاعات کے مطابق براہ راست فلائٹ آپریشن کے لیے ایران ائیر ٹور ائیر بس 300 اور ائیر بس 300/600 جیسے طیاروں کا استعمال کرے گا۔

سیاحت اور ثقافتی تبادلے کو فروغ

پاکستان اور ایران کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز سیاحت کے شعبے کے لیے بے پناہ امکانات رکھتا ہے۔ دونوں ممالک کی تہذیب و ثقافت اور تاریخی رشتوں کا ایک اشتراک رہا ہے، جو انہیں ایک دوسرے کے علاقوں سے آنے والوں کے لیے پرکشش مقامات بناتے ہیں، خاص طور پر، مذہبی سیاحت، جو دونوں ممالک کے لیے ایک اہم ہے اور براہ راست پروازوں سے یہ زیادہ قابل رسائی ہو گی۔

یہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی گہرائی کی علامت ہیں جن کی طویل اور بھرپور تاریخ ہے۔

ایران کے مقدس مقامات کی زیارتیں اب پاکستانی مسافروں کے لیے زیادہ آسان ہوں گی، جب کہ ایرانیوں کو پاکستانی شہر کراچی، لاہور اور اسلام آباد تک آسانی سے رسائی حاصل ہو گی۔

آنے والے سالوں میں، یہ پروازیں تعلقات، سامان اور تجربات کے تبادلے کے لیے ایک وسیلہ کا کام کریں گی جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہو گا۔ یہ اقدام وسیع تر علاقائی انضمام اور تعاون کے حصول کی جانب ایک اہم قدم ہے اور یہ پاکستان ایران تعلقات میں ایک نئے دور کی نشاندہی کرتا ہے۔

ادارت جاوید اختر