اقوام متحدہ کا چارٹر کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے جدوجہد کا حق دیتا ہے

کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانا تنازعہ ہے، اس نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حوالے سے کئی قراردادیں پاس کر رکھی ہیں

جمعہ 12 ستمبر 2025 14:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کے لوگ بھارتی تسلط سے آزادی اور اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت کے حصول کیلئے ایک بے مثال جدوجہد کر رہے ہیں ۔ بھارت کشمیریوں کے جائز مطالبے کو تسلیم کرنے کے بجائے جموںوکشمیر پر اپنے ناجائز تسلط کو برقراررکھنے کیلئے علاقے میں بدترین ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دنیا جموںوکشمیر کو ایک متنازعہ خطہ مانتی ہے۔ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانا تنازعہ ہے اور اس نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حوالے سے کئی قراردادیں پاس کر رکھی ہیںجن پر بھارت نے بھی دستخط کررکھے ہیں لیکن وہ ان قراردادوں پر عملدرآمد کرنے کے بجائے کشمیریوں کی جدوجہد کو فوجی طاقت کے بل پر دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کا چارٹر قوموں کو اپنی آزادی کیلئے جدوجہد کرنے کا حق دیتا ہے لہذا کشمیریوں کی بھارتی تسلط کیخلاف جدوجہد بھی بالکل جائز اور قانونی ہے ۔بھارت ایک طرف دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہونے کا دعویٰ کرتا ہے لیکن آزادی کے متلاشی کشمیریوں پر اسکے وحشیانہ مظالم اسکی جمہوریت ماتھے پر ایک بدنما دھبہ ہیں۔ بھارتی فورسز نے 1947سے اب تک لاکھوں کشمیری شہید کیے ہیں ،مودی نے اگست 2019میں جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت بھی چھین لی اور کشمیریوں کے تمام بنیادی حقو ق سلب کر لیے۔

اس نے حریت رہنمائوں اور کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کو جیلوں اور عقوبت خانوں بند کر رکھا ہے۔بھارتی حکومت جموں کشمیر کے بارے میں اپنے بے بنیاد اور جھوٹے بیانیے کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی مسلسل کوشش کر رہی ہے تاہم دنیا اسکے بیانیے پر کان نہیں دھر رہی اور وہ جموںوکشمیر کو بدستور ایک متنازعہ خطہ مانتی ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانیت کے خلاف جاری سنگین بھارتی جرائم کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق انکا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کرے۔