یاسین ملک کی رہائی کے لئے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا ہوگا، سردار عتیق

عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور انصاف کے اداروں کو یاسین ملک کی رہائی کے لئے فوری کردار ادا کرنا ہوگا

جمعہ 12 ستمبر 2025 14:20

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان کا دورہ مظفرآباد کے دوران ایم ایل اے ہاسٹل میں مختلف سیاسی، سماجی اور عوامی وفود سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے تحریک آزادی کشمیر کی قربانیوں اور جدوجہد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی لازوال قربانیاں اس تحریک کو ہمیشہ زندہ رکھیں گی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی تہاڑ جیل میں قید حریت رہنمامحمد یاسین ملک جنہوں نے اپنی زندگی کے قیمتی سال جدوجہد آزادی کے لئے قربان کر دیے۔ یاسین ملک کو من گھڑت اور جھوٹے مقدمات میں پھانسی کی سزا دلوانے کی بھارتی حکومت کی سازش ناقابل قبول ہے۔ پوری کشمیری قوم اور مسلم کانفرنس اس سازش کے خلاف ایک ہیں۔

(جاری ہے)

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور انصاف کے اداروں کو یاسین ملک کی رہائی کے لئے فوری کردار ادا کرنا ہوگا۔

''ہم دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ یاسین ملک جیسے پرامن سیاسی رہنما کو قید رکھنا نہ صرف انصاف کا قتل ہے بلکہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے۔''انہوں نے مزید کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کی تاریخ قربانیوں اور استقامت سے بھری ہوئی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے شہداء نے اپنے خون سے آزادی کی شمع کو روشن رکھا، خواتین نے جیلوں میں صعوبتیں برداشت کیں، نوجوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے اور کشمیری عوام نے ہر دور میں بھارتی جبر و استبداد کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

''یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور تحریک آزادی اپنی منزل تک ضرور پہنچے گی۔''وفود سے گفتگو میں سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس کی پوری قیادت اور کارکنان یاسین ملک کی رہائی کے لئے لبریشن فرنٹ اور دیگر آزادی پسند جماعتوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مسلم کانفرنس ہر فورم پر یاسین ملک کی آواز بلند کرے گی اور پاکستان سمیت دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر کشمیری عوام کا مقدمہ پیش کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ بھارت طاقت کے بل پر کشمیریوں کی آواز دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔ کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہیں اور جدوجہد آزادی کو دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی۔