گورنربلوچستان جعفر خان مندوخیل سے آئی جی پولیس اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی ملاقات، امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا

ہفتہ 13 ستمبر 2025 14:43

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے موجودہ حساسیت کو سنجیدگی سے لینے اور صوبے کو امن اور ہم آہنگی کا گہوارہ بنانے کےلئے حکومت کی بڑھتی ہوئی ذمہ داری پر زور دیا ہے، سیاسی اور معاشی استحکام کےلئے دیرپا امن ضروری ہے جو حکومت اور عوام کے درمیان تعاون کے ذریعے حاصل کیا جاسکتا ہے، یہ تعاون مزید پرامن اور ایسے خوشحال بلوچستان کو یقینی بنائے گا جہاں ہر شہری کو آگے بڑھنے اور خدمت کرنے کے مواقع ملیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو گورنر ہاوس کوئٹہ میں انسپکٹر جنرل پولیس محمد طاہر خان اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات سے علیحدہ علیحدہ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر جعفرخان مندوخیل نےنو تعینات آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان ومال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جس کو ہر صورت میں یقینی بنانا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے پولیس فورس کو جدید بنانے اور پولیسنگ کے نظام کو بہتر بنانے کےلئے موجودہ حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔ گورنر نے جرائم اور دہشت گردی کے درمیان فرق کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں سے نمٹنے کےلئے مختلف انسدادی طریقوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کوئٹہ اور اس کے مضافات میں پولیس کے گشت میں اضافہ کرنے پر زور دیا تاکہ سٹریٹ کرائمز سے نمٹنے، منشیات فروشوں کا قلع قمع کرنے اور شرپسند عناصر کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی جا سکے۔

گورنر نے کہا کہ سردست تمام قومی شاہراہوں کو عوام کےلئے محفوظ بنانا بھی لازمی ہے کیونکہ ملک اور صوبے کی تعمیر و ترقی میں ان کا کلیدی کردار ہے، قومی شاہراہیں عام لوگوں، تاجروں، زمینداروں، ٹرانسپورٹرز، مسافروں اور مریضوں کےلئے بہت ضروری ہیں، نیشنل ہائی ویز کو ہر قسم کی نقل و حرکت کی سہولت کےلئے محفوظ اور کھلا رکھا جانا لازمی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرامن بلوچستان کے مقصد کو حاصل کرنے کےلئے موثر پولیسنگ بہت ضروری ہے جو عوام کے بھرپور تعاون کے ذریعے پورا کیا جا سکتا ہے۔\932