Live Updates

عوام کی آواز کو دبا کر فسطائیت کا نظام قائم کیا گیا، سلمان اکرم راجہ

ہفتہ 13 ستمبر 2025 20:05

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء)سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ عوام کی آواز کو دبا کر فسطائیت کا نظام قائم کیا گیا۔گجرات میں سیلاب زدہ علاقوں میں دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اپنی عوام کے حقوق کیلئے جیل میں بیٹھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مشکل کی اِس گھڑی میں بانی پی ٹی آئی کے حکم کے مطابق عوام کے دکھ میں ساتھ کھڑے ہیں، عوام کی آواز کو دبا کر فسطائیت کا نظام قائم کیا گیا لیکن یہ ختم ہو کر رہے گا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری جنرل پا کستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ عوام دشمن حکومت نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا، متاثرین کو خوراک، ادویات کی ضرورت ہے سب مل کر مشکل کا مقابلہ کریں گے۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پوری جماعت آفت کی اِس گھڑی میں پرویز الٰہی کے ساتھ کھڑی ہے، نظام اپنے بوجھ تلے گرنے کو ہے ،جھوٹ پامال ہوگا اور سچ کا بول بالا ہونے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ اِس ملک میں اغوا، تشدد کا قانون ہے جسے شکست دے کر پیار، انصاف کا قانون نافذ کرنا ہے،عوام اپنے عزم میں کمی نہ آنے دیں، انشاللہ پاکستان کو فلاح کی جانب لے کر جائیں گے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات