وزیراعظم کا لوئر دیر میں 10فتنہ الخوارج جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین،7شہید جوانوں کو خراج عقیدت

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں ،شہباز شریف

ہفتہ 13 ستمبر 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء) وزیراعظم شہباز شریف نے لوئر دیر کے علاقے لال قلعہ میدان میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

جاری بیان میں وزیراعظم نے فتنہ الخوارج کے 10دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی جبکہ آپریشن میں دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے جام شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے 7جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم نے شہدا کی بلندی درجات کی دعا ء کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں ،پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں ۔