Live Updates

شازیہ مری کا وزیراعظم کے بجلی کے بل معطل کرنے کے حکم کا خیرمقدم

بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت سے سیلاب زدہ علاقوں کے بجلی کے بل معاف کرنے کا مطالبہ کیا تھا،وفاقی حکومت نے اب تک بی آئی ایس پی کے ذریعے سیلاب متاثرہ خاندانوں کو ریلیف دینے کا اعلان نہیں کیا، جو انتہائی تشویشناک ہے، ترجمان پیپلز پارٹی

اتوار 14 ستمبر 2025 16:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹر ینز شازیہ مری نے وزیراعظم کے بجلی کے بل معطل کرنے کے حکم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت سے سیلاب زدہ علاقوں کے بجلی کے بل معاف کرنے کا مطالبہ کیا تھا،وفاقی حکومت نے اب تک بی آئی ایس پی کے ذریعے سیلاب متاثرہ خاندانوں کو ریلیف دینے کا اعلان نہیں کیا، جو انتہائی تشویشناک ہے۔

اتوار کو اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ یہ ریلیف چیئرمین بلاول بھٹو کے مطالبے کے بعد دیا گیا ہے، بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت سے سیلاب زدہ علاقوں کے بجلی کے بل معاف کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کے ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی کے اعلان کا بھی خیرمقدم کیا ہے، جو چیئرمین بلاول کے پہلے مطالبے کے مطابق ہے۔

(جاری ہے)

شازیہ مری نے کہاکہ چیئرمین بلاول نے تمام متاثرہ کسانوں کے لیے مفت بیج اور کھاد فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے، پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے قرضوں میں ریلیف اور سیلاب متاثرین کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو نے حکومت سے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کے ذریعے بین الاقوامی امداد کی اپیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے، چیئرمین بلاول نے حکومت کی فلیش اپیل میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ہے، لاکھوں متاثرین کو عالمی امداد سے محروم کرنے کی کوئی معقول وجہ نہیں ہوسکتی۔

انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی نے چیئرمین بلاول کی ہدایات کے مطابق سینیٹ اور قومی اسمبلی دونوں میں قراردادیں جمع کرائی ہیں،وفاقی حکومت نے اب تک بی آئی ایس پی کے ذریعے سیلاب متاثرہ خاندانوں کو ریلیف دینے کا اعلان نہیں کیا، جو انتہائی تشویشناک ہے۔ شازیہ مری نے کہاکہ وفاقی حکومت کو فوری طور پر تمام متاثرہ افراد اور خاندانوں کے لیے بروقت ریلیف یقینی بنانا ہوگا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات